کراچی میں 20 روز کے دوران تیسری بچی زیادتی کے بعد قتل، مبینہ قاتل گرفتار

گلشن معمار افغان کیمپ پولیس چوکی کے قریب سے 6 سالہ حسینہ دختر موسیٰ کی لاش ملی تھی، پولیس نے ملزم یوسف کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

کراچی میں 20 روز کے دوران تیسری بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔ گلشن معمار افغان کیمپ میں6 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔

پیر کو گلشن معمارکے علاقے افغان کیمپ پولیس چوکی کے قریب سے 6 سالہ حسینہ دختر موسیٰ کی لاش ملی تھی جسے درندہ صفت ملزم نے بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی سےلڑکیوں کی بیرون ملک اسمگلنگ کا انکشاف، ہائیکورٹ کا تحقیقات کاحکم

گلشن حدید سے لاپتہ 31 سالہ خاتون نے لاہور جاکر نکاح پر نکاح کرلیا

مقتولہ افغان کیمپ کی رہائشی اور6 بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھی جبکہ اس کا والد معذور ہے جس کی 6 ماہ قبل ٹانگ ٹوٹ گئی تھی۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اورشواہد حاصل کئے اور بچی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا۔

بعدازاں پولیس نے بچی کے قتل اورزیادتی کامقدمہ گلشن معمار تھانے میں درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کردی۔گلشن معمار پولیس نے معلومات کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد یوسف ولد اسماعیل کو گرفتار کیا، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش  بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے نمونے حاصل کر کے میڈیکل کے لیے اسپتال روانہ کردیئے گئے ہیں، گرفتار درندہ صفت ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور مزید قانونی کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

یاد رہے کہ کراچی میں 20 روز کے دوران بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کی یہ تیسری واردات ہے۔اس سے قبل جمعرات 8 دسمبر کو گلستان جوہر میں موسمیات کے قریب سوسائٹی میں گھر پر کام کیلیے آنے والے پلمبرعرفان نے 14 سالہ زینب کو اکیلاپاکر زیادتی کا نشانہ بناکرقتل کردیا تھا۔ گھر کے مالی حالات بہتر نہ ہونے کے باعث بچی کے والدین اور بڑی بہن کام کرتے تھے۔

اس سے  قبل 6 دسمبر میں کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں نشے کے عادی شخص نے اپنی  12 سالہ سگی بھتیجی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا تھااور بعد ازاں معاملے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی۔پولیس نے بچی کے باپ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم  مجیب اللہ کو گرفتار کرلیا تھا۔

متعلقہ تحاریر