فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا تہذیب بیکری اور میٹرو شوز پر جرمانہ

میٹرو شوز اور تہذیب بیکری کی انتظامیہ نے ایف بی آر کو اپنے اسٹورز پر پوائنٹ آف سیلز مشین نہیں لگانے دی تھی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تہذیب بیکری اور میٹرو شوز پر فی کس 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جوتوں کے مشہور برانڈ میٹرو شوز نے ایف بی آر کو 24 شہروں میں موجود اپنے 40 اسٹورز پر پوائنٹ آف سیلز مشین نہیں لگانے دی تھی۔ جس کے باعث ایف بی آر کو برانڈ کی سیلز اور اس پر عائد ٹیکس کی رقم کی جانچ میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی طرح اسلام آباد کی سب سے بڑی اور مشہور بیکری چین ‘تہذیب’ نے بھی ایف بی آر کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔ جس کا خمیازہ انہیں جرمانے کی صورت میں ادا کرنا پڑا۔

تہذیب بیکری کی اسلام آباد اور راولپنڈی میں 10 برانچز ہیں۔ لیکن انتظامیہ نے ایف بی آر کو بیکری میں پوائنٹ آف سیلز سسٹم لگانے سے روک دیا تھا۔ جس کی وجہ سے بیکری نے سال میں کتنی سیلز کیں اور اس پر کتنا سیلز ٹیکس بنا؟ اس کی جانچ نہ ہوسکی۔

مذکورہ کارروائی اسلام آباد میں ایف بی آر کے لارج ٹیکس پیئرز یونٹ کی جانب سے کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

ایف بی آر کو ٹیکس فائلرز میں کمی کا سامنا

نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے ایف بی آر حکام نے کہا کہ اگر کوئی پوائنٹ آف سیلز کی مشین نصب نہیں کرنے دیتا تو مبینہ طور پر سیلز ٹیکس کی چوری کا مرتکب ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے میٹرو شوز اور تہذیب بیکری پر سیلز ٹیکس کی چوری کا الزام عائد نہیں کیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر