وزیراعلیٰ سندھ کا حلقہ ‘دادو’ تجاوزات کی زد میں

دادو میں تجاوزات کے باعث ٹریفک کا نطام مفلوج ہو کر رہ گیا۔ پیدل چلنے والوں کا بھی جینا محال ہوگیا۔

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں غیر قانونی تجاوزات کرنے والے مافیا کی من مانیوں کے بعد صوبائی وزیراعلیٰ کے اپنے حلقے میں بھی صورتحال ابتر ہوگئی ہے۔ صوبہ سندھ کا شہر دادو تجاوزات کی زد میں آگیا ہے اور صوبے کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اپنے ہی حلقہ انتخاب میں تجاوزات کی روک تھام میں ناکام نظر آرہے ہیں۔

ضلع دادو میں بھی غیرقانونی تجاوزات کی بھرمار ہوتی جارہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت نے عوام کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

 ملیر ایکسپریس وے کے روٹ پر قبضہ مافیہ کا راج

 بین الاقوامی جریدے بلوم برگ نے کراچی کو دنیا میں بدترین پبلک ٹرانسپورٹ کا حامل شہر قرار دیا تھا لیکن اب دادو میں بھی ٹریفک کا نظام مفلوج ہوتا جارہا ہے۔ ضلعے کے سلیما چوک، اسٹیشن روڈ، سبزی مارکیٹ، شاہی بازار، ریشم گلی سمیت دیگر اہم سڑکوں پر دکانداروں نے دکانوں کے آگے تجاوزات قائم کی ہوئی ہیں۔ غیرقانونی تجاوزات کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر ہونا روز کا معمول بن گیا ہے۔

شہر کی اہم شاہراہوں پر جگہ جگہ کھڑے چنگچی رکشوں کی وجہ سے ٹریفک کا نظام متاثر ہورہا ہے جس کے باعث شہریوں کو چند منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑتا ہے۔

دادو میں تجاوزات کی وجہ سے شاہراہوں پر سامان اتارنے کے لیے کنٹینرز اور ٹرکوں کی آمدورفت ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔

شہر کی سڑکوں پر ٹریفک پولیس کا وجود نظر نہیں آتا۔ ضلعی انتظامیہ سے بھی غیرقانونی تجاوزات ہٹانے کے کوئی اقدامات تا حال نہ ہوسکے۔

سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت شہریوں نے اعلیٰ احکام سے دادو کی غیرقانونی تجاوزات ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

گزشتہ برسوں کراچی کے اہم ترین بازار ‘امپریس مارکیٹ’ سمیت کئی بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا تھا۔ بظاہر اس آپریشن کے مثبت نتائج نظر آئے تھے لیکن اس بات سے انکار بھی قطعی ممکن نہیں کہ آپریشن کے نتیجے میں کئی افراد بےروزگار بھی ہوئے تھے۔

انتظامیہ نے کراچی میں تجاوزات کو ہٹانے کی سرتوڑ کوشش کی جس میں کئی حد تک کامیابی بھی حاصل ہوئی۔ لیکن اب جب سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے تجاوزات مافیا ایک بار پھر سڑکوں پر قبضہ جمانے لگے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سات سو انتالیس ارب روپے کا وفاقی پیکیج کراچی کی قسمت بدلے گا؟

متعلقہ تحاریر