صادق سنجرانی چیئرمین، مرزا محمد آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب

مرزا محمد آفریدی نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا۔

پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے چیئرین کے انتخاب میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے  نامزد کردہ اُمید وار صادق سنجرانی دوسری مدت کے لیے بھی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے ہیں۔ اُنہوں نے حزب اختلاف  کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو  شکست دی ہے۔  جبکہ مرزا محمد آفریدی مولانا عبدالغفور حیدری کو شکست دے کر ڈپٹی چیئر مین منتخب ہوگئے ہیں۔ 

چیئرمین سینیٹ کےا نتخاب میں صادق سنجرانی کو 48 اور یوسف رضا گیلانی کو 42 ووٹ ملے جبکہ 8 ووٹ مسترد ہوئے۔ 7 ووٹرز نے یوسف رضا گیلانی کے نام کے اوپر مہر لگائی جس کی وجہ سے یہ ووٹ مسترد ہوئے جبکہ ایک ووٹر نے دونوں امیدواروں کے آگے مہر لگائی۔

چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے بعد صادق سنجرانی نے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی کے نامزد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی کون ہیں؟

پریزائیڈنگ افسر مظفر حسین شاہ نے گنتی مکمل ہونے کے بعد کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ مسترد ہوئے ہیں کیونکہ ان میں خانے کی جگہ یوسف رضا گیلانی کے نام پر مہر لگی ہوئی تھی۔

یوسف رضا گیلانی کے پولنگ ایجنٹ فاروق ایچ نائیک نے مسترد ہونے والے 7 ووٹوں کو چیلنج کیا ہے۔

دوسری بار چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے والے سینیٹر صادق سنجرانی نے ایوان سے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ’جنہوں نے مجھے ووٹ دیا اور چیئرمین منتخب کیا ان کا بھی شکر گزار ہوں۔‘

صادق سنجرانی نے اِس عزم کیا اظہار کیا کہ وہ جیسے پچھلے 3 سالوں سے ایوان کو چلاتے آ رہے ہیں اسی طرح آئندہ بھی ایوان کو چلائیں گے اور حکومت اور حزب اختلاف کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

اُدھرحکمراں اتحاد کے حمایت یافتہ اُمیدوار مرزا محمد آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے ہیں۔ اُنہوں نے  54 ووٹ حاصل کئے ہیں جو کہ چیئرمین سینیٹ کے مقابلے میں 6 ووٹ زیادہ ہیں۔

پی ڈی ایم کے حمایت یافتہ اُمیدوار مولانا عبدالغفور حیدری نے 44 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں کُل 98 ووٹ ڈالے گئے اور کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔

نومنتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابی نتیجے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر