مزید خاموشی پاکستان اور خطے کے مفاد میں نہیں ہو گی

پریس کانفرنس کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے افسران کے آڈیو کلپس بھی سنوائے گئے جس میں ’را‘ افسران پاکستان میں دہشتگردی کا حکم دے رہے ہیں۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ترجمان افواج پاکستان میجر جنرل بابر افتخار نے پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں ملوث ’را‘ اور پاکستان میں اس کے دہشتگرد گروپوں کی تفصیلات عام کر دی ہیں۔

سنیچر کے روز اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے افسران کے آڈیو کلپس بھی سنوائے گئے جس میں ’را‘ افسران پاکستان میں دہشتگردی کا حکم دے رہے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ”انڈیا دہشتگردی کوپھر ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے، اس لیے مزید خاموشی پاکستان اور خطے کے مفاد میں نہیں ہو گی۔‘‘

شاہ محمود نے مزید کہا کہ پشاور اورکوئٹہ میں حالیہ دہشتگرد حملے بھارتی عزائم کو واضح کرتے ہیں جب کہ کراچی، لاہور، پشاور اور دیگر شہروں میں بھارت دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہا ہے، بھارتی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں دہشتگردوں کو مالی معاونت اور تربیت دے رہی ہیں، بھارتی ایجنسیاں کالعدم ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور دیگرکالعدم تنظیموں کی پشت پناہی کررہی ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی اور دہشتگرد تنظیموں کی تمام کارروائیوں کے پیچھے بھارت ہے، افغانستان میں موجود بھارتی کرنل راجیش دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہے جب کہ بھارت نے حال ہی میں 30 داعش دہشتگردوں کو پاکستان اور ارد گرد منتقل کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارتی ایجنسی ’را‘ اپنے فرنٹ مین کو تیسرے ممالک کے ذریعے فنڈ کرتا ہے، بھارت سے دہشتگردی کے لیے افغانستان رقوم بھیجی گئیں۔

متعلقہ تحاریر