ملک کے کئی ریسٹورنٹس اور ہوٹلز بھی کرونا کی وباء سے متاثر

ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کی بندش کے سبب بے روزگار ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ سے زائد ہے۔ 

آل راولپنڈی ریسٹورنٹ اینڈ ہوٹل ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں کھانا کھانے پر پابندی کے باعث پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے 500 ریسٹورنٹس سمیت ملک بھر میں 36 ہزار سے زیادہ ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کرونا کی وباء سے متاثر ہوئے ہیں۔‘

ایسوسی ایشن کے صدر ممتاز احمد نے نیوز 360 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں اور ہوٹل انڈسٹری سے وابستہ تنظیموں سے مشاورت نہ کرنے کی صورتحال نے حالات کو مزید بد ترین بنا دیا ہے۔

ممتاز احمد کا مزید کہنا ہے کہ گذشتہ برس مارچ سے ریسٹورنٹ اور ہوٹل انڈسٹری شدید مسائل سے دوچار ہے۔ اس وقت صرف 30 سے 40 فیصد کام ہو رہا ہے باقی ہوٹلز بند ہیں جس کے سبب اس شعبے سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد بےروزگار ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں دنیا کے سب سے بڑے موبائل ریسٹورنٹ کا افتتاح

ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری چوہدری محمد فاروق نے نیوز 360 سے ٹیلی فونک گفتگو میں بتایا ہے کہ ریسٹورنٹس کی بندش کے سبب بے روزگار ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ سے زائد ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر ممتاز احمد کا موقف ہے کہ حکومت ان سے تعاون نہیں کر رہی ہوٹل اور ریسٹورنٹ سے متعلق فیصلے کرتے ہوئے حکومت مشاورت نہیں کرتی اور نہ ان کے مسائل پیش نظر رکھے جاتے ہیں۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایسے کاروبار جو رات گئے تک چل سکتے ہیں انہیں رات کو دکان کھولنے کی اجازت دی جائے اور دیگر کاروبار دن میں ہوں،اس طرح مختلف اوقات میں کاروبار کی اجازت دیے جانے سے رش زیادہ نہیں ہوگا۔

ممتاز احمد کا کہنا ہے کہ حکومت شام کو تمام کاروبار بند کرا دیتی ہے تو لوگ ایک ہی وقت میں کاروباری مراکز پہنچ جاتے ہیں جس کے سبب رش کم نہیں ہوتا بلکہ بڑھ جاتا ہے جو کرونا کی وباء کی پھیلنے کا مزید سبب بنتا ہے۔

ممتاز احمد کا کہنا ہے کہ حکومت نے کرونا کی وباء سے متاثر ہونے والے ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کی مدد کے حوالے سے جو اعلانات کیے تھے ان پر بھی عمل درآمد ہونا چاہیے۔ بے روزگار ہونے والے ہنرمندوں کو امداد ملنی چاہیے تاکہ ان کا گزر بسر ہو سکے۔

ممتاز احمد کا مزید کہنا ہے کہ ہوٹل انڈسٹری کو ٹیکس ادائیگی میں بھی رعایت ملنی چاہیے جس طرح دنیا بھر میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ کرونا ایس او پیز کے تحت ہوٹلز کھولنے اور اندر بیٹھ کر کھانا کھانے کی اجازت دی جائے تو اس انڈسٹری کو بھی فائدہ ہو سکے۔

متعلقہ تحاریر