اولیول امتحانات جون جولائی میں ہونے کا امکان
سی اے آئی ای کی طرف سے امتحانات سے متعلق اعلان رواں ہفتے متوقع ہے۔

پاکستان میں اولیول کے امتحانات جون جولائی میں ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن (سی اے آئی ای) کی جانب سے رواں ہفتے اعلان متوقع ہے۔
کرونا کی وباء کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں کیمبرج سمیت تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے تھے لیکن اب کیمبرج امتحانات جلد کرائے جانے کا امکان ہے۔ نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق سی اے آئی ای کی جانب سے اولیول (او تھری) کے طلباء کے امتحانات اکتوبر نومبر کے بجائے جون جولائی میں لیے جائیں گے۔ اس حوالے سے باقاعدہ اعلان رواں ہفتے متوقع ہے۔
امتحانات میں طلباء کو اسکولز کی جانب سے دیے گئے گریڈز کو نتائج میں شمار نہیں کیا جائے گا۔ طلباء کے اپنے اسکولز میں امتحانی مراکز بنائے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کیمبرج امتحانات کی منسوخی کے طلباء کے مستقبل پر اثرات؟
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ امتحانات کی منسوخی کے فیصلے پر نیوز 360 نے ایک خصوصی رپورٹ شائع کی تھی جس میں طلباء کے سال ضائع ہونے سے متعلق اہم سوالات کیے گئے تھے۔ عام طور پر او لیول کے طلباء کے امتحانات مارچ میں منعقد کیے جاتے ہیں جس کے بعد کئی طلباء کو دوسرے اسکولز میں جانا ہوتا ہے۔ او لیول اسکول میں زیر تعلیم کسی طالبعلم کو اے لیول کے اسکول میں جانا ہے اور طالبعلم کا عارضی طور پر پچھلے نتائج کی بنیاد پر داخلہ بھی ہوچکا ہے لیکن وہ اکتوبر نومبر میں امتحانات کے باعث اگست سے کلاسز لینا شروع نہیں کرسکتا تھا۔
امتحانات جون یا جولائی میں کرانے کا مقصد طلباء کا سال بچانا تصور کیا جارہا ہے۔ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ جون میں امتحانات کے باعث طلباء باآسانی اگست سے اپنی نئی کلاسز کا آغاز کرسکیں گے۔