درختوں کی تعداد میں سندھ نے خیبر پختونخوا کو پیچھے چھوڑ دیا
معاشی سروے کے مطابق سندھ میں درختوں کی تعداد 32 کروڑ 38 لاکھ 40 ہزار، جبکہ خیبرپختونخوا میں 30 کروڑ 42 لاکھ 40 ہزار ہے۔
وزیراعظم عمران خان گزشتہ کافی عرصے سے صوبہ خیبرپختونخوا میں ’بلین ٹری سونامی‘ منصوبے کی تکمیل کے لیے کوششیں کر رہے تھے لیکن پھر بھی درختوں کی تعداد میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا دعویٰ تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مختصر عرصے میں صوبے کے مختلف علاقوں میں ایک ارب 18 کروڑ پودے لگائے ہیں جبکہ ملک بھر میں مزید 9 ارب درخت لگائے جائیں گے۔ تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار نے ہی وزیراعظم کے دعوے کی نفی کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مہنگائی کی بڑھتی شرح نے وزیراعظم کی نیند اڑا دی
وفاقی حکومت نے پاکستان بھر میں درختوں کی تعداد کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق ملک بھر میں 81 کروڑ 40 لاکھ درخت موجود ہیں۔ درختوں کی تعداد میں سندھ سب سے آگے ہے جہاں 32 کروڑ 38 لاکھ 40 ہزار درخت موجود ہیں۔ جبکہ خیبرپختونخوا 30 کروڑ 42 لاکھ 40 ہزار درختوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 6 کروڑ 15 لاکھ، جبکہ بلوچستان میں صرف 54 لاکھ 20 ہزار درخت موجود ہیں۔

اس کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر میں درختوں کی تعداد 10 کروڑ 69 لاکھ 37 ہزار، جبکہ گلگت بلتستان میں 1 کروڑ 7 لاکھ 34 ہزار ہے۔
ادھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے سندھ میں زیادہ درخت ہونے کی حقیقت کو تسلیم کرنے پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
Thank you Fed Gov for acknowledging #Sindh has more #trees than all provinces including #KP – our mangroves have been breaking Guinness world records (you keep trying to take credit for). Thank you for also admitting what we already knew – the non existence of billion-tree 🤥 https://t.co/c2GzuRymFT
— Bakhtawar B-Zardari (@BakhtawarBZ) June 16, 2021
انہوں نے لکھا کہ ’دنیا بھر میں ہمارے منگروز عالمی ریکارڈ قائم کر رہے ہیں جس کے لیے آپ کئی عرصے سے کوشاں ہیں۔ وفاقی حکومت کی اس لیے بھی شکرگزار ہوں کیونکہ وہ اب یہ حقیقت تسلیم کر رہی ہے جسے ہم پہلے سے ہی جانتے تھے۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے صوبہ خیبرپختونخوا میں ’بلین ٹری سونامی‘ کے نام سے ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ شروع کیا تھا جس کی لاگت اور تکمیل کا وقت دونوں بڑھ گئے تھے۔ گزشتہ برس انکشاف ہوا تھا کہ 4 سالہ منصوبے کی لاگت 14 ارب 34 کروڑ سے بڑھ کر 19 ارب 45 کروڑ روپے تک پہنچ گئی اور منصوبے کی مدت بھی 6 سال تک پہنچ گئی۔









