جنید صفدر کی شادی پر تحریک انصاف کے حامیوں کا رنگ میں بھنگ

احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے ایک حامی خود اپنی پارٹی سے ناراض نظر آئے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی لندن میں ہوگئی تاہم لینسبرو ہوٹل میں منعقدہ نکاح کی تقریب کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں نے بھرپور احتجاج کیا۔

جنید صفدر کی شادی میں تحریک انصاف کے حامیوں نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا۔ ایک طرف لندن کے لینسبرو ہوٹل میں شادی کا ہنگامہ جاری تھا تو دوسری جانب ہوٹل کے باہرمظاہرین کی جانب سے ن لیگ کے خلاف نعرے بلند کیے جارہے تھے۔ سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز منظر عام پر آئیں جن میں پی ٹی آئی کے حامی ہوٹل کے داخلی دروازے پر جمع دکھائی دیئے لیکن ن لیگ کے اراکین جلد ہی ان پر غالب آگئے۔

ایک ویڈیو کلپ میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والی خاتون شادی کے اخراجات پر سوال اٹھاتی دکھائی دیں۔

ایک ٹیکسی ڈرائیور نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہوٹل کے داخلی دروازے پر سابق وزیراعظم اور جنید صفدر کے نانا نواز شریف کے خلاف نعرے بازی کی ۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے ایک حامی خود اپنی پارٹی سے ناراض نظر آئے، کہا کہ احتجاج کے لیے شام 5  بجے بلایا گیا تھا لیکن جب وہ آئے ہیں تو یہاں کوئی موجود نہیں ہے، کسی نے وقت کی پابندی نہیں کی۔

واضح رہے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے بیٹے جنید صفدر کی شادی  احتساب  بیورو کے سابق چیئرمین سیف الرحمان کی بیٹی عائشہ سیف خان کے ساتھ ہوئی ہے۔ تقریب میں جنید صفدر کی والدہ مریم نواز تو موجود نہ تھیں لیکن نانا نواز شریف نے شادی میں شرکت کی۔ مریم نواز نے ٹوئٹر پر بیٹے کو شادی کی مبارکباد دی۔

متعلقہ تحاریر