قتل سے قبل نور مقدم پر کیا بیتی، دل دہلا دینے والی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
سابق سفارتکار شوکت مقدم کی 27 سالہ بیٹی کو اسلام آباد کے پوش علاقے میں 20 جولائی کو قتل کردیا گیا۔
نور مقدم کے قتل کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کی رہائش گاہ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سامنے آگئی ہیں۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح نور مقدم نے قتل ہونے سے قبل فرار ہونے کی ناکام کوشش کی۔
پیمرا نے انتشار پھیلنے کے خدشے سے پیش نظر نور مقدم کے قتل سے قبل سامنے آنے والی دل دہلا دینے والی سی سی ٹی وی فوٹیج مین اسٹریم میڈیا پر چلانے پر پابندی عائد کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
شہید مرید عباس کی بیوہ نے ماڈل کورٹ کی ساکھ پر سوال اٹھا دیے
ظاہر نے نور کو کیسے قتل کیا؟کیس کی ویڈیو ٹرانسکرپٹ عدالت میں پیش
سی سی ٹی وی فوٹیج میں نور مقدم اور ظاہر جعفر کے گھر میں داخل ہونے کا وقت اور پھر نور مقدم کی گھر سے فرار ہونے کی ناکام کوشش کا وقت بھی دکھایا گیا ہے۔ دل دہلا دینے والی سی سی ٹی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے ملزم ظاہر جعفر گھر کے دروازے کے پاس بنے کیبن سے نور مقدم کو کھینچتے ہوئے گھر کے اندر لے جاتا ہے۔
With Audio! Complete CCTV footage of #ZahirJaffer home and #NoorMukadam#BreakingNews #Pakistan pic.twitter.com/NSfPgGGfrZ
— Shah (@alemekael) November 14, 2021
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ نورمقدم 18 جولائی کی رات 10:19 پر جعفر کے گھر میں داخل ہوتے ہیں۔ بعد ازاں 19 جولائی کو دوپہر 02:39 پر دونوں کچھ سامان سمیت گھر سے نکلتے ہیں اور سامان گھر کے باہر کھڑی ٹیکسی میں رکھتے ہیں اور چند منٹ بعد یعنی 2:51 پر واپس گھر آجاتے ہیں۔
20 جولائی کو صبح 2 بجکر 41 منٹ پر نور مقدم کو ننگے پاؤں کھڑکی سے باہر چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گیٹ پر تعینات ایک گارڈ نے اسے وہاں سے جانے کی اجازت نہیں دی۔ ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ لڑکی اسے جانے کی التجا کرتی ہے لیکن ظاہر جعفر اسے گھسیٹ کر واپس گھر کے اندر لے جاتا ہے۔
20 جولائی کی شام کو نور مقدم نے ظاہر جعفر کے گھر سے فرار ہونے کی ایک اور مایوس کن کوشش کی۔ نور مقدم دوبارہ کھڑکی سے کھود کر فرار ہونے کی کوشش کرتی مگر اس مرتبہ بھی چوکیدار اس باہر جانے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔
نورمقدم قتل کیس میں استغاثہ نے 09 نومبر کو سی سی ٹی وی فوٹیج کا ٹرانسکرپٹ اسلام آباد کی عدالت میں جمع کرایا تھا ۔ ظاہر جعفر نور قتل کیس کا مرکزی ملزم ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق سفارتکار شوکت مقدم کی 27 سالہ بیٹی نور مقدم کو 20 جولائی کو اسلام آباد کے پوش علاقے F-7 میں قتل کردیا گیا تھا۔ قتل کے الزام میں اسلام آباد پولیس نے ملزم ظاہر ذاکر جعفر کو 20 جولائی کو اس کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔ ملزم نے نور مقدم کو قتل کرنے کے بعد بے دردی سے اس کو سر تن سے جدا کردیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے گھر سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا تھا۔