سیالکوٹ میں معمر خاتون پر تشدد، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، ملزمان گرفتار
زمین کے تنازعے سے شروع ہونے والا معاملہ تشدد میں تبدیل ہوگیا، لیکن اس سارے ظلم کو روکنے کی کسی نے ہمت نہیں کی۔
آسمان ٹوٹا نہ زمین پھٹی ، ظالم ظلم کرتے رہے مظلوم پر ظلم کی ویڈیو بنتی رہی ، سیالکوٹ میں زمین کے تنازعہ پر معمر خاتون پر بدترین تشدد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے لیا ، پولیس کی دوڑیں لگ گئیں ، تمام ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔
صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ کے تھانہ کوٹلی سید امیر کے علاقہ پلوڑا کلاں میں زمین کے تنازعہ پر معمر خاتون منور پر تشدد اور بالوں سے پکڑ کر گھسیٹنے کی فوٹیج نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا، بااثر افراد نے قانون کو جوتے کی نوک پر رکھ دیا۔
یہ بھی پڑھیے
دادو میں خودکشی کرنے والی میڈیکل کی طالبہ کا خط سامنے آگیا
صوفیہ مرزا کی بیٹیوں کے اغوا میں ملوث سابق شوہر کی گرفتاری کی کوششیں تیز
سیالکوٹ میں تبدیلی سرکار کے انصاف آپ کی دہلیز پر کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے جب کوٹلی سید امیر کے علاقہ میں معمر خاتون کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹنے اور تشدد کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
انسانیت سوز واقعے سے انسانیت کا سر شرم سے جھک گیا، بااثر ملزمان معمر خاتون کو بالوں سے پکڑ کر سڑک پر گھسیٹتے رہے ، خواتین غریب بڑھیا پر جوتوں اور تھپڑوں کی برسات کرتی رہیں، لیکن اس سارے ظلم کو روکنے کی کسی نے ہمت نہیں کی ۔ نہ کسی نے پولیس کو اطلاع دینے کی زحمت کی ۔ ظلم کرنے والے قانون کی دھجیاں بکھیرتے رہے۔ زمین کے تنازعے سے شروع ہونے والا معاملہ تشدد میں تبدیل ہوگیا۔
واقعے کی فوٹیج میڈیا پر چلی تو انتظامیہ حرکت میں آگئی، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیالکوٹ میں بزرگ خاتون پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے-
پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے واقعے میں ملوث 4 خواتین سمیت دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔ وہی دوسری طرف واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔