وزیراعظم کے کہنے پر سیرین ایئر نے بھی ملازمین کی تنخواہیں بڑھا دیں
عمران خان نے سیرین ایئر کے سی ای او سابق ایئر وائس مارشل صفدر خان کا شکریہ ادا کیا، ایئرلائن ملازمین کی تنخواہوں میں 44 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستان کی نجی ایئرلائن سیرین ایئر کے سی ای او سابق ایئر وائس مارشل صفدر خان کے اقدام کو سراہا۔
I appreciate Serene Air’s AVM Safdar(R) for responding to my call & announcing pay rise of 44% for low paid employees & 15-25% for other employees. I urge the top 100 corporations in Pak, who made record profits of Rs.950 bn in the last yr, to also raise their employees salaries.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 29, 2022
وزیراعظم نے کہا کہ صفدر خان نے میری تجویز پر عمل کیا اور کم آمدنی والے ملازمین کی تنخواہوں میں 44 فیصد جبکہ دیگر ملازمین کی تنخواہوں میں 15 سے 25 فیصد اضافہ کیا۔
وزیراعظم نے ملک کی 100 بڑی کارپوریشنز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں، ان کمپنیز کو پچھلے برس 950 ارب روپے کا منافع ہوا ہے۔
اس سے قبل اے آر وائی نیوز نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں 80 فیصد تک اضافہ کیا ہے۔
ملک میں مہنگائی کی وجہ سے موجودہ تنخواہوں میں گزارہ ناممکن ہوگیا تھا، مہنگائی کو لگام دینے کے بجائے اب وزیراعظم عمران خان بڑے نجی اداروں اور تنظیموں سے یہ گزارش کر رہے ہیں کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا جائے۔
اس حوالے سے باقاعدہ اصلاحات بھی ہونی چاہئیں تاکہ سالانہ بنیادوں پر ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی جا سکیں۔









