انصار عباسی کا  آئی ایس آئی کے سابق سربراہان پر سیاسی انجینئرنگ کا الزام

اب سیاست اور سیاسی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی

دی نیوز کے ایڈیٹرانویسٹی گیشن انصار عباسی  نے باخبر ذرائع سے حاصل اطلاعات کی بنیاد پر کہا ہے کہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے ماضی میں سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال ہونے کی وجہ سے تنازعات کا مرکزرہنے والی  پاکستان کی  خفیہ ایجنسی  آئی ایس آئی کو ہر طرح کے سیاسی معاملات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے آئی ایس آئی کے تمام عہدیداروں پر واضح کر دیا ہے کہ اب سیاست اور سیاسی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی انھوں نے اپنے خیالات آئی ایس آئی کے دیگر تمام سینئر حکام تک پہنچادیئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم کے ساتھ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات

نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ہوں گے، نوٹیفکیشن جاری

پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ ملک کی سلامتی کی پہلی لائن سمجھی جانے والی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی   ماضی میں بدترین سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال ہوتی رہی ہے جس کے باعث یہ قومی سلامتی  کی ضمانت سمجھاجانے والا ادارہ تنازعات کا مرکز رہا ۔ اسی وجہ سے یہ  ہمیشہ سیاسی جماعتوں اور میڈیا کے لیے موضوع بحث رہاہے اور اس ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے ۔

حالیہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے والے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی نئی ذمہ داری سنبھالنے کے فوراً بعد ہی اس ادارے کو سیاست سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ غیر ضروری تنازعات سے پاک ہو کر اپنے بنیادی کام پر توجہ مرکوز رکھی جا سکے۔

آئی ایس آئی کی جانب سے سیاسی امور میں دور رہنے کی اطلاعات کے حوالے سے دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کا کہنا ہے کہ انہیں اس پیشرفت کے حوالے سے  براہ راست کوئی اطلاع نہیں ہے لیکن موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی کے بارے میں جانتے ہیں کہ وہ ایک غیر سیاسی شخص ہیں ان کے ماضی کو دیکھا جائے تو  ان کا خیال ہے کہ ایسی ہدایات ضرور جاری کی گئی ہوں گی جس میں آئی ایس آئی کے سیاسی کردار کو ختم کرنے اور اپنی پیشہ ورانہ اُمور پر توجہ دی جاسکے ۔

 انھوں نے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں کے دوران زیادہ تر فوجی آمروں نے، سیاسی معاملات اور سیاسی جماعتوں اور حکومتوں کو بنانے اور توڑنے  کیلئے خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا استعمال کیا  جس کی بنیاد پر بار بار یہ مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ ملکی ایجنسی کو سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے اور اس کا سیاسی کردار ختم کیا جائے۔ آئی ایس آئی کی سیاسی مداخلت حوالے سے ماضی کے تنازعات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ایک اچھا فیصلہ ہے کہ وہ  سیاست سے دور رہے ۔

متعلقہ تحاریر