سکھر کی ٹوٹی سڑکیں کھنڈرات کا منظرپیش کرنے لگیں

شہری اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے منتخب نمائندوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے شہر میں ترقیاتی کام بالکل ٹھپ ہو گئے ہیں جس کی وجہ عوام الناس کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سکھر کے منتخب نمائندگان کی عدم دلچسپی ، شہرمیں جاری ترقیاتی کام مکمل نہ ہوسکے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، شہریوں کو آمد رفت میں مشکلات کا سامنا، شکایات کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں ، شہریوں کا شکوہ ، صوبائی وزیر بلدیات سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ اعلیٰ سکھر اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کی مجرمانہ غفلت اور مسلسل لاپروائی اور منتخب نمائندگان کی عدم دلچسپی کے باعث سکھر شہر میں جاری ترقیاتی ، نکاسی و فراہمی آب کے منصوبوں کےکام مکمل نہیں ہو سکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سبزی منڈی میں ڈکیتیاں، تاجروں کا آئی جی سندھ کو خط

سکھر کی گلیوں اور شاہراہوں پر پھیلے گندگی ڈھیر عوام کے لیے وبال جان

شہر کے مختلف علاقوں پرانہ سکھر ، نمائش ، قریشی گوٹھ ، نیو پنڈ ، گڈانی پھاٹک روڈ ، بھوسہ لائن روڈ سمیت دیگر علاقوں میں نکاسی و فراہمی کے ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار نظر آرہے ہیں۔

شہر کی سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں پرانہ سکھر کے علاقے میں بھی خطیر رقم سے نکاسی و فراہمی آب کی ڈالی جانیوالی لائن کا کام ٹھیکیدار اور سرکاری افسران کی نااہلی اور سست روی اختیار کرنے کی وجہ سے ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا۔

سڑک مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے نالیوں اور گٹروں سے نکلنے والا گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں سمیت وہاں سے گزرنے والے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق شکایات کے باوجود انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔

نکاسی آب کے نظام کی درستگی کیلئے ترقیاتی کام مکمل کرنے کیلئے ہنگامی طور پر اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کی وجہ علاقہ مکین پریشان حال زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

متاثرہ علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لیکر  بنیادی و بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر