عمران خان سے بغاوت نہیں کررہے، مائنس بزدار پر بات ہوگی، ترین گروپ

ہم خیال گروپ کے رہنما نعمان لنگڑیال کا کہنا ہے ہم نے عبدالعلیم خان کو بھی بتادیاکہ وہ جہانگیر ترین کے فیصلوں کے پابند ہوں گے

سابق پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین گروپ کے رہنما سابق وزیر برائے ایگری کلچر نعمان لنگڑیال کا کہنا ہے کہ  ہم نے گروپ کےسربراہ جہانگیرترین کوتمام فیصلوں کااختیار دے دیا ہے حکومت سے مائنس بزدار پر ہی بات آگے بڑھے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ترین گروپ متحد ہے، جہانگیر ترین جو فیصلہ کرینگے وہ سب کو قابل قبول ہوگا، علیم خان کل ہمارے گروپ میں شامل ہوئے ہیں، ہم نےعبدالعلیم خان کوبھی بتادیاکہ وہ جہانگیرترین کےفیصلوں کےپابندہوں گے، تمام اختیارات جہانگیرترین کے پاس ہیں، ان کے فیصلے سے کسی کواختلاف نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

جہانگیر ترین اور علیم خان نے اپنوں اور بے گانوں سب کو حیران کردیا

تحریک عدم اعتماد کی تلوار، وزیراعظم جہانگیر ترین سے ملنے کو تیار

ان کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان سے بغاوت نہیں کر رہے، وہ ایک مینڈیٹ لے کر آئے ہیں اور اپنے ووٹرز کو جواب دہ ہیں ہم مینڈیٹ لےکر آئے ہیں اس کے مطابق توقعات رکھتے ہیں، جو بھی فیصلہ کرینگے ملک اور پارٹی کے مفاد میں ہو گا۔

انھوں نے بتایا کہ ہمارے ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں نے رابطہ کیا ہے اور  رابطے جاری ہیں، ترین گروپ کا ایک ایک رکن متفق ہے کہ مائنس بزدار پر بات آگے بڑھے گی، ہم قوم اور پی ٹی آئی کیلئے اچھا سوچ رہے ہیں، کوئی بغاوت نہیں ہے، کوئی رکاوٹ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علیم خان وزیراعلیٰ ہوں گے یا نہیں یہ فیصلہ جہانگیر ترین کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے اپنا استعفیٰ پیش کیا تاہم وزیراعظم نے استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کردیا اورانہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ تحاریر