ٹی 20 میچ، آسٹریلیا نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا
پاکستان نے مہمان ٹیم کو 163 رنز کا ہدف دیا تھا جو انہوں نے آخری اوور کی پہلی گیند پر مکمل کرلیا، ایرون فنچ پلیئر آف دی میچ قرار۔

آسٹریلیا نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کا موقع دیا۔
مقررہ 20 اوورز میں پاکستانی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی، کپتان بابر اعظم 66 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
بابر اعظم نے صرف 46 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے۔
بابر کے علاوہ کوئی بیٹسمین متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکا، خوشدل شاہ 24 اور محمد رضوان 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا سے نیتھن ایلس نے تباہ کن بالنگ کرتے ہوئے چار پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
آسٹریلوی ٹیم نے 163 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر مکمل کیا، ایرون فنچ نے 45 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔
جوش انگلس 24، ٹریوس ہیڈ 26، مارکس اسٹوائنس 23 اور بین میک ڈرموٹ 22 رنز بنا سکے۔
پاکستان سے شاہین آفریدی، عثمان قادر اور محمد وسیم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف ایک وکٹ لے سکے۔









