اسرائیلی فوج نے 2021 میں 355 فلسطینیوں کو شہید کیا، رپورٹ
اسرائیلی فورسز نے اپریل اور مئی 2021 میں 303 فلسطینیوں کو شہید کیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 87 بچے، 60 خواتین اور 18 بوڑھے افراد شامل ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے شائع کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 2021 کے دوران 355 فلسطینیوں کو شہید اور 16,500 سے زائد کو زخمی کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں میں سے 265 کا تعلق غزہ کی پٹی سے تھا، جن میں سے زیادہ تر مئی میں غزہ پر اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کے دوران مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیے
القاعدہ رہنما ایمن الظواہری بھارتی مسلمانوں کے حق میں بول پڑے
عمران خان حکومت کو لے کر روس اور امریکا آمنے سامنے آ گئے
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے 90 افراد کا تعلق مغربی کنارے اور مقبوضہ مشرقی یروشلم سے تھا۔
فلسطینی وزارت صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر زخمی افراد کا تعلق غزہ کی پٹی سے ہے، کیونکہ اسرائیلی حکومت نے 11 روز تک خودساختہ جنگ مسلط کی تھی ۔ اسرائیلی حملوں کے دوران 3 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔ جن میں غزہ کی پٹی کے 2,131، جب کہ 964 مغربی کنارے کے اسپتالوں میں تھے۔
رپورٹ میں فراہم کردہ چارٹ کے مطابق 2021 میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد اپریل اور مئی میں بڑھ کر 303 ہو گئی تھی۔
وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 87 بچے، 60 خواتین اور 18 بوڑھے افراد شامل ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بابلس میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 30 فلسطینیوں کی شہادت ریکارڈ کی گئی ۔ اس کے بعد جنین میں 14، رام اللہ میں 13، البریح میں 11 اور ہیبرون اور یروشلم میں دس دس اموات ریکارڈ کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں واقع غزہ شہر میں 120، شمالی غزہ میں 75 اور جنوب میں واقع خان یونس کے علاقے میں 34 فلسطینی شہید ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 50 فیصد زخمی افراد ایسے ہیں جنہیں گولیاں ماری گئیں ، زخمیوں میں سے 35 فیصد مقبوضہ مغربی کنارے کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ زخمی افراد کے اوپری جسم کے حصوں پر گولیاں ماری گئیں تھیں۔
وزارت صحت نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ "ان زخمیوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اسرائیلی فورسز ان افراد کو قتل کرنے کے در پر تھی۔”