مارچ میں 2,354 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، ایس ای سی پی
اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مارچ میں 2,354 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں، جس کے بعد کل رجسٹر کمپنیوں کی تعداد 165,688 ( ایک لاکھ پینسٹھ ہزار، چھ سواٹھاسی) ہو گئی ہے۔ نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کو کل ادا شدہ سرمایہ تین ارب پچاس کروڑ روپے ہے۔
مارچ میں تشکیل پانے والی ترپن کمپنیوں میں افغانستان، بنگلہ دیش، بیلجیم، کینیڈا، چین، ڈنمارک، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، جاپان، اردن، کوریا جنوبی، ملائیشیا، ہالینڈ، ناروے، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، سوئٹزرلینڈ، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے ڈائریکٹروں نے سرمایہ کاری کی۔ اس ماہ 99 فیصد کمپنیاں آن لائن رجسٹر ہوئیں اور 215 غیر ملکی سرمایہ کار بیرون ملک سے رجسٹرڈ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے
عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 4 ڈالر فی بیرل کی کمی
پاکستان میں سیاسی ہلچل غیریقینی کی صورتحال پیدا کررہی ہے،موڈیز
اس ماہ میں سب سے زیادہ رجسٹریشنز رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ کنسٹرکشن سیکٹر میں ہوئیں جہاں 458نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ اس کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں 365، ٹریڈنگ میں 258، سروسز میں 232 ، ایجوکیشن میں 110، کامرس، مارکیٹنگ اور اشتہارات میں 55، فوڈ اینڈ بیوریجز میں 75، ٹیکسٹائل میں 68،سیاحت میں 72، کارپوریٹ ایگریکلچرل فارمنگ میں 60، ہیلتھ کیئر میں 45، انجینئرنگ میں 57، ٹرانسپورٹ میں 36، فارماسیوٹیکل میں 46، پاور جنریشن میں 23، رہائش میں24، اور دیگر شعبوں میں 333کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
ایس ای سی پی کا ای سروسز سسٹم ایف بی آر، صوبائی ریونیو کے محکموں کے ساتھ انٹی گریٹیڈ(ضم) ہے، جس کے نتیجے میں فروری میں 2,033کمپنیاں ہمہ وقت ایف بی آر کے ساتھ، 47 کمپنیاں ای او بی آئی کے ساتھ، اور 16 کمپنیاں PESSI/SESSI کے ساتھ رجسٹر ہوئیں۔









