سابق وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر دبئی چلے گئے
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایف آئی اے حکام نے شہزاد اکبر سمیت دیگر کئی شخصیات کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے تھے۔
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی دور حکومت کے سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر نجی ایئرلائن کے ذریعے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے دبئی کے لیے روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نجی ایئرلائن کی پرواز نمبر ای کے 615 سے دبئی روانہ ہوگئے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چند روز قبل شہزاد اکبر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
مداخلت نہیں سازش تھی عمران خان نے کراچی جلسے میں عوام سے کہلوا دیا
ہم خانہ جنگی سے چند قدم دور ہیں، فواد چوہدری نے خبردار کردیا
اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) نے گزشتہ ہفتے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں شہزاد اکبر، شہباز گل اور دیگر چار افراد کے نام ’’اسٹاپ لسٹ‘‘ میں ڈالنے کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
شہزاد اکبر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں ایف آئی اے کے اس اقدام کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا جس کے تحت انہیں اور دیگر شخصیات کو غیر ملکی سفر سے روکا گیا تھا۔ شہزاد اکبر اور شہباز گل بعدازاں عدالت میں بھی پیش ہوئے تھے۔
سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ عدالت پہلے ہی ’بلیک لسٹ‘ کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔ اکبر نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ ایف آئی اے کے سربراہ کو طلب کرے اور ان سے استفسار کرے کہ ان کا نام ’’نو فلائی لسٹ‘‘ میں کس کی ہدایت پر ڈالا گیا تھا۔
انہوں نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ اگر انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو ان کا نام لسٹ میں ڈالا جاسکتا ہے جب میں نے کوئی جرم کیا ہی نہیں تو میرا نام اسٹاپ لسٹ میں کیوں ڈالا گیا۔









