وزیراعظم شہباز شریف کا این سی او سی بحال کرنے کا حکم
گزشتہ روز ملک میں اومیکرون کے نئے ویریئنٹ کا کیس سامنے آیا، وزیراعظم نے وزارت قومی صحت سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پچھلی حکومت کی طرف سے بند کیے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے، این سی او سی ملک میں کورونا وائرس پر قابو پانے اور اس کے تدارک کے لیے قائم کیا گیا تھا۔
ملک میں اومیکرون وائرس کی نئی ساخت بی 2 بی ویریئنٹ کے کیس رپورٹ ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لے لیا۔
انہوں نے حکم دیا ہے کہ این سی او سی کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔
وزریراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے وزارت قومی صحت سے بھی رپورٹ طلب کرلی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک میں اومیکرون کے نئے سب ویریئنٹ کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔
قومی ادارہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شہری ویکسی نیشن مکمل ہونے کے 6 مہینے بعد بوسٹر ڈوز بھی لگوائیں۔
سابقہ حکومت نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر قائم کیا تھا جس کی کارکردگی کو عالمی اداروں کی طرف سے پوری دنیا میں مثالی قرار دیا گیا تھا۔
این سی او سی بند کرنے کے بعد اس کے سربراہ اسد عمر نے کہا تھا کہ ادارے کی ذمہ داریاں وزارت صحت کو منتقل کی جا رہی ہیں۔