ماڑی پور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، صدر دھماکے میں ملوث دو مبینہ دہشتگرد ہلاک
ماڑی پور آپریشن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی صدر دھماکے میں ملوث دو مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
کراچی کے علاقے ماڑی پور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے کامیاب آپریشن کے بعد صدر دھماکے میں ملوث دو مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے انچارج مظہر مشوانی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت اللہ ڈنو اور نواب کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مارگلہ ہلز پر آگ لگانے والی ٹک ٹاکر ڈولی کی گرفتاری کیلیے پولیس لاہور روانہ
سی ٹی ڈی سکھر کی کارروائی ، کالعدم دہشتگرد تنظیم داعش کا اہم کارندہ گرفتار
انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کا کہنا ہے کہ آپریشن میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کی ، ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی تاہم جوابی فائرنگ میں دونوں دہشتگرد مارے گئے۔
واضح رہے کہ جمعرات کی رات کراچی کے علاقے صدر میں ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دیسی ساختہ بم ایک سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ آپریشن میں ماڑی پور کے علاقے میں دھماکے میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپہ مار کارروائی کی۔
سی ٹی ڈی انچارج مظہر مشوانی کا کہنا ہے آپریشن میں دو ملزمان مارے تاہم ایک ملزم قوقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ مشتبہ دہشت گردوں کی شناخت اللہ ڈنو اور نواب کے نام سے ہوئی ہے، انہوں نے تصدیق کی کہ وہ کراچی کے صدر دھماکے میں ملوث ہو سکتے ہیں۔