اقلتیی برادری کی زمینوں پر قبضہ ، سید خورشید شاہ نے نوٹس لے لیا
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کا کہنا ہے اقلیتی برادری کے لوگ ہمارے بھائی ہیں ان کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
سکھر: اقلیتی برادری کی جانب سے زمینوں پر قبضوں کے خلاف احتجاج ، وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے نوٹس لے لیا، اقلیتی برادری سے ملاقات ، حکومت ہندو برادری کو نہ صرف مکمل تحفظ فراہم کرے گی بلکہ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں زمینوں پر قبضے کی کوشش اور دھمکیوں کے خلاف کراچی سے کشمور تک ہندو پنچائت کمیٹیوں کے عہدے داران اور تاجر برادری کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج کا پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے اپنی رہائش گاہ پر پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن اور ہندو پنچائت کمیٹیوں کے عہدے داران سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیے
دریائے سندھ میں پانی کی شدید قلت ، تمام نہروں کو پانی کی فراہمی معطل
شہر قائد میں ہائیڈرنٹس سے اربوں روپے پانی چوری کا گھناؤنا کاروبار عروج پر
سید خورشید شاہ نے ان کے مسائل معلوم کئے، اس موقع پر ہندو برادری کے رہنماؤں مہیش کمار، لڈو مل، ایشور لعل ماکھیجا اور ٹیلو مل نے وفاقی وزیر کو قبضہ مافیا کی کاروائیوں سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے اقلیتی برادری کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ہندو برادری کو نہ صرف مکمل تحفظ فراہم کریگی بلکہ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائیبگی جو تاجروں اور ہندو برادری کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اقلیتی برادری کے لوگ ہمارے بھائی ہیں ان کو درپیش مسائل و مشکلات ہماری ہیں انکے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے ، پاکستان پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور وہ عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔