بی جے پی رہنما نے گاؤ موتر کو کرونا کا علاج قرار دے دیا
سریندرہ سنگھ نے لوگوں کو ٹھنڈے پانی میں 50 ملی لیٹر گائے کا پیشاب ملا کر پینے کا مشورہ دیا ہے۔
انڈیا میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی سریندرہ سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ نہار منہ گاؤ موتر پینے سے کرونا سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔
انڈیا کی ریاست اتر پردیش (یو پی) کے قانون ساز اسمبلی کے رکن سریندرہ سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ گاؤ موتر پینے کی وجہ سے وہ کرونا سے محفوظ ہیں۔ انہوں نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے لوگوں کو ٹھنڈے پانی کے ساتھ 50 ملی لیٹر گائے کا پیشاب ملا کر پینے کا مشورہ دیا ہے۔
#WATCH | BJP MLA Surendra Singh in UP’s Ballia claimed drinking cow urine has protected him from coronavirus. He also recommended people to ‘drink cow urine with a glass of cold water’. (07.05)
(Source: Self made video) pic.twitter.com/C9TYR4b5Xq
— ANI UP (@ANINewsUP) May 8, 2021
بی جے پی کے رہنما سریندرہ سنگھ کا کہنا ہے کہ ’وہ 18، 18 گھنٹے لوگوں کے درمیان رہتے ہیں پھر بھی صحت مند اور محفوظ ہیں۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ میں گاؤ موتر کے استعمال ہی سے کرونا سے محفوظ ہوں۔ قطع نظر اس کے کہ سائنسدانوں کو اس پر یقین ہے یا نہیں۔‘
انڈیا میں کرونا کی وباء کی دوسری لہر نے تباہی مچا رکھی ہے۔ کرونا کی تیسری لہر کی آمد کے خدشات کے پیش نظر جہاں لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے وہیں اتر پردیش کے ضلع بلیا سے بی جے پی کے رکن اسمبلی سریندرہ سنگھ اپنے متنازع بیان کی وجہ سے سرخیوں میں آگئے ہیں۔
دنیا بھر میں کرونا سے لڑنے کے لیے سائنسی بنیادوں پر قدم اٹھائے جا رہے ہیں لیکن بی جے پی کے رکن اسمبلی کے اس طرح کے بیان پر لوگ سوال کر رہے ہیں۔
انڈیا کے ایک اخبار روزنامہ قومی آواز کے مطابق رکن اسمبلی سریندرہ سنگھ پہلے بھی متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں کی سرخیوں میں نظر آتے رہتے ہیں۔ رواں سال جنوری میں ان کا اپنی ہی جماعت کے رکن پارلیمنٹ ویریندرہ سنگھ مست کے ساتھ تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔ ایک اجلاس کے دوران انہوں نے رکن پارلیمنٹ کی مخالفت کی تھی اور وہ اجلاس درمیان میں ہی چھوڑ کر چلے گئے تھے جس پر ہنگامہ بھی ہوا تھا۔
انڈیا میں کرونا کی صورتحال مزید سنگین ہوچکی ہے۔ انڈیا کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 لاکھ 9 ہزار سے زیادہ کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ مزید 4 ہزار سے زیادہ افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔
انڈین وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’ملک میں اب تک کرونا کی وباء سے ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 42 ہزار 362 ہوگئی ہے جبکہ کیسز کی مجموعی تعداد اب 2 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔‘









