اٹلی نے شربت گُلا کو شہریت دے دی

اٹلی کے وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق افغان خاتون نے طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک چھوڑنے میں مدد کرنے کی درخواست کی تھی۔

اٹلی نے شربت گُلا کو شہریت دے دی ہے، وہی شربت گُلا جو کہ سبز آنکھوں والی لڑکی کے نام سے 1985 میں ایک تصویر سے مشہور ہوئی، یہ تصویر نیشنل جیوگرافک نے کھینچی تھی۔

اٹلی کے وزیراعظم ماریو دراغی کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق شربت گُلا نے افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد اٹلی کی حکومت سے درخواست کی تھی کہ اسے ملک چھوڑنے میں مدد کی جائے۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم کا افغانستان کے لیے 5 ارب روپے کے امدادی پیکج کا اعلان

افغانستان میں انسانی بحران پیدا ہونے کے واضح خدشات موجود ہیں، اسد قیصر

امریکی فوٹوگرافر اسٹیو میک کری نے گُلا کی تصویر اس وقت لی تھی جب وہ چھوٹی سی بچی تھیں اور پاک افغان سرحد پر واقع مہاجر کیمپ میں رہائش پذیر تھیں۔

اُن کی سبز چمکتی آنکھوں اور اُن آنکھوں سے چھلکتے دکھ کی تصویر نے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کی لیکن شربت گلا کی شناخت 2002 میں ہوئی جب میک کری اس علاقے میں واپس آئے اور ان کی تلاش شروع کی۔

نیشنل جیوگرافک نے 2002 میں بتایا کہ ایک ایف بی آئی تجزیہ کار، فارنزک ماہر اور آنکھوں کے ذریعے شناخت کرنے کا نظام بنانے والے افسر نے شربت گُلا کی شناخت کی تھی۔

سنہ 2016 میں پاکستان نے گُلا کو جعلی شناختی کارڈ بنا کر ملک میں قیام کرنے کی وجہ سے گرفتار کر لیا تھا۔

اس وقت کے افغان صدر اشرف غنی نے انہیں واپسی کے لیے کہا اور انہیں ایک فلیٹ دینے کا وعدہ کیا تاکہ وہ عزت کے ساتھ اپنے ہی ملک میں رہ سکیں۔

متعلقہ تحاریر