ایکسپورٹرز کا ٹیکسٹائل برآمدات 20 ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم

چیئرمین پی ٹی ای اے کا کہنا ہے کووڈ پابندیوں کے بعد متعلقہ منڈیوں میں ٹیکسٹائل منصوعات کی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے حکومتی پالیسیز اور عالمی منڈیوں میں سازگار ماحول کی وجہ سے برآمدات میں تیزی آئی ہے۔

ٹیکسٹائل کی برآمدات میں بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت کی برآمدات پر مبنی پالیسیز اور بڑی برآمدی منڈیوں میں معاشی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے پاکستان 20 ارب ڈالر کا برآمدی ہدف حاصل کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم کی ہدایت، کھاد کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث 244 افراد گرفتار

سعودی عرب سے پاکستانی معیشت کے لیے بڑی خبر آگئی

پیر کو ایک بیان میں پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (PTEA) کے چیئرمین نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکسٹائل کی برآمدی صنعت استحکام حاصل کرنے کے بعد پائیدار اقتصادی ترقی کے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایکسپورٹرز بلند شرح نمو حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

چیئرمین ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ کووڈ کے بعد متعلقہ منڈیوں سے پابندی ہٹائے جانے کے بعد ملکی برآمدات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں علاقائی حریفوں بنگلہ دیش اور بھارت کے مقابلے پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے مہینے میں ترسیلات ماہانہ کی بنیاد پر اوسطاً 2.46 بلین ڈالر اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی مہینے میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 24.24 فیصد اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 1.6 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔

چیئرمین نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ٹیکسٹائل کی برآمدات گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے دوران 4.76 بلین ڈالر کے مقابلے میں 26.55 فیصد اضافے سے 6.02 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ "ٹیکسٹائل کی اعلیٰ برآمدی مصنوعات، خاص طور پر نٹ ویئر، ہوم ٹیکسٹائل، بیڈ ویئر، تولیے اور میک اپ آرٹیکلز میں مضبوط ترقی دیکھنے میں آئی۔”

انہوں نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا کہ ملکی برآمدات میں کمی واقع ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے کی زیر نظر سہ ماہی کے دوران بیڈ ویئر کی غیر ملکی ترسیل 899.55 ملین ڈالر سے بڑھ کر 1.09 بلین ڈالر ہو گئی، جو کہ سال بہ سال 21.3 فیصد کی ترقی کی مظہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تولیوں کی برآمدات پچھلے سال کی اسی سہ ماہی میں 283.25 ملین ڈالر سے 14.17 فیصد بڑھ کر 323.38 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ریڈی میڈ ملبوسات کی غیر ملکی ترسیل سال بہ سال 22.34 فیصد اضافے کے ساتھ 947.07 ملین ڈالر سے بڑھ کر 1.16 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔

متعلقہ تحاریر