متحدہ عرب امارات کے دفاتر میں اب صرف ساڑھے چار دن کام ہوگا
اماراتی حکومت نے 2006 کے بعد سے اب دفاتر کے ہفت وار شیڈول میں تبدیلی کردی، جمعہ کو صرف آدھا دن کام ہوگا، جمعہ کی نماز پورے سال سوا 1 بجے ہوگی۔
متحدہ عرب امارات کی وفاقی حکومت کے محکموں میں یکم جنوری 2022 سے کام کرنے کے دنوں میں نئی تبدیلی ہوگی جس کے بعد پورے ملک میں یہی شیڈول رائج ہوجائے گا۔
وزارت کی سطح پر پبلک سیکٹر ملازمین کا کام کا ہفتہ چار دن اور ایک آدھے دن پر مبنی ہوگا، ملازمین پیر سے جمعرات تک کام کریں گے جبکہ جمعہ کے روز آدھے دن کام ہوگا۔
سرکاری ملازمین کے لیے ہفتہ اور اتوار کو چھٹی ہوا کرے گی۔ دبئی اور ابوظہبی کی حکومتوں نے کہا ہے کہ ان کے ملازمین اسی دورانیے پر عمل پیرا ہوں گے۔
اسکولز میں اب سے نئی چھٹی ہوا کرے گی جبکہ جمعہ کی نماز مستقل دوپہر سوا ایک بجے ہوگی۔
حکومت کے میڈیا دفتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس فیصلے سے امارات کو عالمی منڈیوں کے ساتھ موافقت میں آسانی ہوگی جس سے عالمی معاشی نقشے پر ملک کی اسٹریٹجک پوزیشن بھی نمایاں ہوگی۔
حکومت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ نئے ہفت وار شیڈول سے تخلیقی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور کام اور زندگی میں توازن بہتر ہوگا۔
نجی شعبے کے لیے کوئی خصوصی ہدایات نہیں جاری کی گئیں لیکن کمپنیز کو اپنا ہفت وار شیڈول مقرر کرنے کے لیے حکومت کی اجازت درکار نہیں ہے۔
سرکاری عہدیداران کے مطابق سنہ 2022 کے لیے جو سرکاری تعطیلات طے کردی گئی ہیں ان میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
اس فیصلے سے نہ صرف تجارتی مواقعوں میں فروغ متوقع ہے بلکہ اماراتی شہریوں اور رہائشیوں کو آسان، بےفکر اور قابل لطف لائف اسٹائل بھی میسر آسکے گا۔
نئے نظام کے مطابق وفاقی اور مقامی سرکاری ملازمین صبح ساڑھے 7 سے دوپہر ساڑھے 3 تک پیر تا جمعرات کام کریں گے جبکہ جمعہ کو صبح ساڑھے 7 سے دوبہر 12 بجے تک کام ہوگا۔
پورے سال جمعہ کی نماز دوپہر سوا 1 بجے ادا کی جائے گی۔ یو اے ای میں آخری بار ہفت وار شیڈول سنہ 2006 میں تبدیل ہوا تھا جب جمعرات اور جمعہ کی چھٹی کو جمعہ اور ہفتے سے تبدیل کردیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ سنہ 1971 سے 1999 تک متحدہ عرب امارات میں چھ دن کا ہفت وار شیڈول ہوا کرتا تھا اور صرف جمعہ کے روز سرکاری چھٹی ہوتی تھی، بعد ازاں 1999 میں جمعرات کو بھی چھٹی کا دن بنا دیا گیا تھا۔