ٹیکس کیسز کا التوا: اسلام آباد ہائیکورٹ کا فل کورٹ اجلاس طلب

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزیراطلاعات کے بیان کے بعد اجلاس طلب کیا، فواد چوہدری نے اجلاس کی طلبی کو انتہائی قابل تحسین فیصلہ قراردیدیا

 وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ٹیکس کیسز کے التوا سے متعلق بیان کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری  نے فل کورٹ اجلاس طلب کیے جانے کو انتہائی قابل تحسین فیصلہ قرار دیدیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے طلب کیا گیا اجلاس 22فروری کو ہائیکورٹ میں ہو گا، وزیر اطلاعات فواد چودھری، چئیرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ، اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان کو شرکت کیلئے خط ارسال کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

پیٹرول کی قیمت بڑھانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، فواد چوہدری

چیف جسٹس گلزار احمد نے اقلیتوں کے تحفظ کیلیے ٹھوس اقدامات کیے، فواد چوہدری

رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے چئیرمین مسابقتی کمیشن، چئیرمین اوگرا کو بھی خط ارسال  کیا گیا ہے جبکہ ہائیکورٹ میں زیر التوا ٹیکس کیسز کی تفصیل بھی طلب کر لی گئی ہیں۔

ادھروفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فل کورٹ کا اجلاس طلب کیے جانے کو انتہائی قابل تحسین فیصلہ قرار دیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ  حکومت اور عدلیہ سمیت تمام ادارے قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے یکسو ہیں، امید ہے تمام ہائیکورٹس اس ضمن میں موثر اقدامات اٹھائیں گی۔

خیال رہے کہ 15فروری کو وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا کہ کابینہ نے عدالتوں میں سٹے آرڈرز کی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے بڑا انتظامی بحران پیدا ہوچکا ہے۔

متعلقہ تحاریر