ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی 1ارب 41 کروڑ میں نیلام
آئی ایم ایس انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ نے فی شیئرز سب سے زیادہ 99.99 روپے بولی دی۔
کفر ٹوٹا خدا خد ا کرکے، حکومتی خزانے پر بوجھ، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری کے لیے ایک ارب 40 کروڑ 99 لاکھ سے زائد کی کامیاب بولی، آئی ایم ایس انجینئرنگ نے پیل اور ویوز سنگر سے تین گنا زیادہ بولی دی۔
وفاقی حکومت کے ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نج کاری میں تاریخ ساز کامیابی ملی ہے۔ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نج کاری کے سلسلے میں حکومت ایک ارب 41 کروڑ کی بولی ملی ہے جو کامیاب قرار پائی۔
یہ بھی پڑھیے
وزیر خزانہ شوکت ترین کی مہنگائی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک پاشی
وزیراعظم نے ملک کے پہلے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم "راست” کا اجراء کردیا
سال 2017 سے ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نج کاری کا سلسلہ وزارت نجکاری کے لیے گلے کی ہڈی بنا ہوا تھا۔ نج کاری کے سلسلے میں یہ اہم بریک تھرو اس وقت ہوا جب حکومت ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کے چھیانوے اعشاریہ چھ فیصد حصص فروخت کرنے میں کامیاب ہو گئی اور اسے کی نج کاری کے لیے ایک ارب چالیس کروڑ ننانولے لاکھ ستاسی ہزار روپے کی بلند ترین قیمت مل گئی۔
ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نج کاری کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس میں حکومت کے 96.6 فیصد شیئرز فروخت کرنے کیلئے ہونے والی بولی میں تین سرمایہ کار کمپنیوں نے حصہ لیا تھا۔
بولی میں حصہ لینے والوں میں آئی ایم ایس انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ، پاک الیکٹرون لمیٹڈ اور ویوز سنگر پاکستان لمیٹڈ شامل تھیں۔
آئی ایم ایس انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ نے شیئرز کی سب سے زیادہ بولی دی۔ آئی ایم ایس انجینئرنگ نے 99.99 روپے فی شیئر بولی دی ، ویوز سنگر پاکستان لمیٹڈ نے 26.25 روپے فی شیئر بولی دی جبکہ پاکستان الیکٹرون لمیٹڈ نے سب سے کم 17.73 روپے فی شیئر بولی دی۔
آئی ایم ایس انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کامیاب بولی دہندہ قرار پائی۔ آئی ایم ایس انجیئرنگ کی بولی 73 فی صد زیادہ رہی۔
واضح رہے کہ سال 2017 میں مسلم لیگ نون کی حکومت نے جب ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نج کاری کے لیے کوششیں کیں تو اس وقت اس ادارے کی نیلامی کے لیے ابتدائی قیمت کا تخمینہ 25 کروڑ روپے لگایا گیا تھا۔