رحیم یار خان میں گھریلو ناچاقی پر خاتون سب انسپکٹر کی خودکشی

میری بیٹیوں کی شادی کسی انسان سے کرنا جو ذمہ داری اٹھا سکے، خاتون افسر کا خودکشی سے پہلے آئینے پر والدہ کیلیے پیغام

رحیم یار خان کے تھانہ سٹی اے ڈویژن میں تعینات مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی لیڈی سب انسپکٹر میری روز نے گھریلو ناچاقی پر خودکشی کرلی۔ 

 میری روز نے مبینہ طور پر شوہر سے جھگڑے پردلبرادشتہ ہوکر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لی تھیں جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی جسے شیخ زاید ہسپتال ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا گیاجہاں ڈاکٹروں نے اس کا معدہ واش کرکے زندگی بچانے کی بھرپورکوشش کی لیکن لیڈی سب انسپکٹرجانبرنہ ہوسکیں۔

یہ بھی پڑھیے

نیب نے سابق جنرل احسن سلیم حیات کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا

ہتک عزت کیس، ایف آئی اے نے نادیہ خان کو بری کردیا

ذرائع کے مطابق لیڈی سب انسپکٹر کی اپنے خاوند پولیس انسپکٹر سے گھریلوناچاقی چل رہی تھی۔خاتون سب انسپکٹر کاشوہر دلاور بھی اسپیشل برانچ لاہورمیں سب انسپکٹر ہے،واقعے سے ایک روز قبل دونوں میاں بیوی کے درمیان موبائل فون پر مبینہ طورپر جھگڑا ہوا تھاجس سے دلبرداشتہ ہوکر خاتون سب انسپکٹر میری روز نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھالیں جسے حالت نازک ہونے پر طبی امداد کیلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون سب انسپکٹر میری روز جانبرنہ ہوپائی اور دم توڑگئی۔

دلاور ایک روز قبل ہی  رحیم یارخان سے ڈیوٹی پر لاہور گیا تھا۔جس کے بعد سب انسپکٹر میری روز ڈیوٹی پر تھانے چلی گئی اور وہاں سے پولیس لائن بھی گئی ۔اس دوران اس نے اپنے ڈرائیور سے بھی کہا تھا کہ اگر اسے اس سے کوئی شکایت ہے تو وہ اسے معاف کردے۔ جس کے بعد میری روز نے گھر آکر مبینہ طور پر زہریلی گولیاں نگل لیں۔   مرحومہ کی آخری رسومات بھی ادا کردی گئی ہیں۔

واقعے کا افسوسناک پہلو وہ تحریر ہے جو خاتون سب انسپکٹر مرنے سے قبل اپنے بیڈ روم کے آئینے پر لکھ کر گئی ہے۔ سرخ لپ اسٹک سے لکھی گئی تحریر میں مرحومہ نے اپنی والدہ  کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے معافی مانگی ہے ۔

مرحومہ نے اپنی والدہ کے نام پیغام میں لکھا کہ ماں Sorry ، دعا کرنا میری جان آسانی سے نکل جائے، میری بیٹیوں کی شادی کسی انسان سے کرنا جو ذمہ داری اٹھا سکے، میری بیٹیاں میری قبر پہ ضرور آئیں گی۔

متعلقہ تحاریر