وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو احتجاج کی کال دے دی
نوجوان باہر نکلیں اور حکومت کے خلاف سازش ناکام بنا دیں، قوم کے مستقبل کی جنگ ہے، نوجوانوں کو ساتھ دینا ہوگا، عمران خان۔

وزیراعظم عمران خان نے عوام سے بذریعہ ٹیلیفون گفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں سے احتجاج کی اپیل کر دی، انہوں نے کہا کہ نوجوان باہر نکلیں اور حکومت کے خلاف ہونے والی سازش کے خلاف احتجاج کریں۔
وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر حزب اختلاف کو شکست دینے کیلیے بھی عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ قوم کے مستقبل کی جنگ ہے، نوجوانوں کو ملک کے مستقبل کیلیے کھڑا ہونا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اچھائی کی جانب کھڑے ہوں، راہ حق کا ساتھ دیں، اس سے معاشرہ زندہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اچھائی یا برائی میں سے درمیانی راستہ تلاش کرنے سے معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں آپ نے فیصلہ کرنا ہے، لیکن آپ چپ بیٹھے تو برائی آپ کی طرف ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف سازش ہو رہی ہے، دستاویزات قومی سلامتی کمیٹی کو بھی پیش کر دی گئی ہیں۔
ایک کالر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اس سازش کے حوالے سے پہلے سے ہی تیاری کر رہا تھا اور کل سب دیکھیں گے میں کس طرح اپوزیشن کا مقابلہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف غداری کرنے والوں پر مقدمات درج کروائیں گے۔
وزیراعظم نے حزب اختلاف کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک کہتا ہے بھکاری انتخاب نہیں کرسکتے، دوسرا کہتا ہے کہ ملک لائف سپورٹ مشن پر ہے، اگر آپ کو ڈر کر زندگی گزارنی ہے تو مر جانا زیادہ بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ دور نہیں جب ذوالفقار علی بھٹو کو قتل کر دیا گیا، یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے، میری خواہش ہے کہ نوجوان اس سازش کے خلاف احتجاج کریں۔
وزیراعظم نے پراعتماد انداز میں کہا کہ فکر کی کوئی بات نہیں، کل میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن کو ہرا کر دکھاؤں گا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فوج کے ساتھ کوئی تنازع نہیں، فوج کے غیرجانبدار رہنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔









