فارمیشن کمانڈرز نے فوج کے خلاف پراپیگنڈا مہم کا نوٹس لے لیا
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت فارمیشن کمانڈرز کا اعلامیہ جاری، کمانڈرز کا عسکری قیادت پر اعتماد کا اظہار۔

فارمیشن کمانڈرز نے پاک فوج کے خلاف حالیہ پروپیگنڈا کا نوٹس لے لیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس میں پیشہ ورانہ اُمور اور قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی گئی۔
غیرمعمولی کانفرنس میں شریک اعلیٰ عسکری حکام کو روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورم نے ادارے اور عوام کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی مہم کا نوٹس لے لیا ہے۔
فارمیشن کمانڈرز نے کہا کہ اس پروپیگنڈے کا مقصد عوام اور ادارے کے مابین دراڑ پیدا کرنا ہے۔
کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک کی قومی سلامتی سب سے پہلے اور مقدم ہے۔
اس موقع پر کہا گیا کہ پاک فوج بغیر کسی سمجھوتے کے ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کام کرے گی۔
اعلیٰ عسکری قیادت نے پاکستان کے آئین اور قانون کی سربلندی کے فیصلوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
کمانڈرز نے کہا کہ آئین و قانون کی حکمرانی کے لیے عسکری قیادت کے فیصلوں سے مکمل اتفاق ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ہر طرح کے حالات میں اندرونی اور بیرونی خطرات سے پاکستان کا دفاع کرے گی۔









