وزیراعظم آفس کی طرف سے وائٹ ہاؤس کے بیان کا خیرمقدم

ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا تھا کہ پاکستانی قیادت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، ترجمان حکومت پاکستان نے کہا کہ امریکی بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

وزیراعظم آفس نے شہباز شریف کے بطور وزیراعظم ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے طویل مدتی تعلقات کی تجدید نو کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

حکومت پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ نئی حکومت امریکا کے ساتھ تعمیری اور مثبت رابطوں کو فروغ دینے کی خواہش مند ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے لیے امریکا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مساوات، باہمی مفاد کے اصولوں پر تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس ترجمان نے شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر بیان دیا تھا کہ پاکستانی قیادت سے اچھے تعلقات رہیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ممالک مستقل رابطے میں ہیں، ترقی کرتا پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کے داخلی معاملات پر رائے دینے کا حق حاصل نہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی طرف سے نومنتخب پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کو فون کیے جانے سے متعلق فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

متعلقہ تحاریر