آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف دو روز قبل تحریک عدم اعتمادجمع کرائی گئی تھی، جس پر پی ٹی آئی کے 25 ارکان اور وزراء کے دستخط موجود تھے۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے پارٹی کے اندر اپنے خلاف بغاوت کے بعد عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے اور اپنا استعفیٰ عمران خان کو بھجوا دیا ہے ،  دو روز قبل ان کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔

آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر چوہدری انوار الحق نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے اجلاس 15 اپریل کو صبح 10 بجے طلب کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

تحریک انصاف کے پشاور جلسے میں کتنے لوگ شریک ہوئے؟

گورنر بلوچستان سید ظہور آغا اپنے عہدے سے مستعفی

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف دو روز قبل تحریک عدم اعتمادجمع کرائی گئی تھی، جس پر پی ٹی آئی کے 25 ارکان اور وزراء کے دستخط موجود تھے۔

یہ تحریک عدم اعتماد وزیرمالیات ماجد خان اور اکبر ابراہیم نےسیکریٹری قانون ساز اسمبلی کے دفتر میں جمع کرائی تھی جس میں متبادل وزیر اعظم کیلئے سردار تنویر الیاس کا نام تجویز کیاگیا تھا۔

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے  گزشتہ روز اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات  کی تھی جس میں انہوں نے اپنے خلاف مبینہ سازش اور ڈیل سے متعلق سابق وزیراعظم کو  تفصیلات سے آگاہ کیا تھا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ایک پیغام میں کہا کہ آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ امانت تھی آج یہ امانت واپس کر رہا ہوں۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے آج 5 وزراء کو بھی برطرف کردیا تھا۔جن میں سینئر وزیر تنویر الیاس ، عبد الماجد خان ، علی شان سونی ، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم شامل تھے ۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ ان وزراء کو مس کنڈکٹ ، بد عنوانی اور مشکوک سرگرمیوںکے الزامات کے تحت برطرف کیا گیا۔

سردار عبدالقیوم نیازی نے اگست 2021 میں آزاد جموں و کشمیر کے 13ویں وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھایا۔

متعلقہ تحاریر