حمزہ شہباز کیخلاف مقدمہ درج کرنیکا معاملہ، پولیس سے جواب طلب
اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے حمزہ شہباز، آئی جی پنجاب اور دیگر کے خلاف اسمبلی میں تشدد اور توڑ پھوڑ کرنے پر مقدمہ درج کرنیکی درخواست دی۔

حمزہ شہباز، آئی جی پنجاب، ایس ایس پی سمیت دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست میں اہم پیشرفت، عدالت نے پولیس سے اندراج مقدمہ کی درخواست پر 29 اپریل کو جواب طلب کر لیا۔
کمرہ عدالت میں ایس پی سول لائن کو کیس کی کاپی فراہم کر دی گئی، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے درخواست دائر کر رکھی ہے۔
ایس پی سول لائن رضا صفدر کاظمی، ایس پی سٹی اخلاق تارڑ عدالت میں پیش ہوئے، کہا کہ ہمیں درخواست کی کاپی وصول نہیں ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہم نے درخواست کے ساتھ مکمل کاپی لف کی ہے، اگر کاپی نہیں ملی تو ابھی کاپی مہیا کر دیتے ہیں۔
پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید راں نے عدالت میں درخواست کی کاپی پولیس کو مہیا کر دی۔
پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی میں لڑائی جھگڑا کرنے، تشدد کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر عدالت سے رجوع کیا۔
اندراج مقدمہ کی درخواست لیگی ایم پی ایز اور 200 نامعلوم افراد کے خلاف دائر کی گئی ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہم نے متعلقہ تھانہ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی لیکن پولیس ہماری درخواست پر کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔
وکیل نے استدعا کی کہ عدالت پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کرے۔
عدالت نے پولیس سے اندراج مقدمہ نہ کرنے پر 29 اپریل کو جواب طلب کرلیا ہے۔









