پنجاب میں 70 روپے فی کلو چینی کا حصول ناممکن ہوگیا، حکومت بیانات تک محدود

تاجر برادری کا کہناہے کہ چینی کی ایکس مل قیمت 77 روپے فی کلو تو چینی مارکیٹ میں 70 روپے فی کلو میں کیسے دستیاب ہو سکتی ہے۔

صوبائی حکومت پنجاب میں چینی 70 روپے فروخت ہونا خواب ، حکومت 70 روپے کلو چینی کی قیمت کرنے کی خواہاں مگر پنجاب میں چینی آج بھی 85 سے 90 روپے پر فروخت ہورہی ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں چینی کے ریٹ 70 روپے صرف بیانات کی حد تک محدود ہیں جبکہ عام مارکیٹ میں چینی کے نرخ اس سے مختلف ہے عام مارکیٹ میں عوام کو 85 روپے سے 90 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔

صوبائی حکومت مسلم لیگ ن  ان دنوں عوامی ریلیف کے لئے مہنگائی کم کرنے اور عوام کو سستی اشیاء خرونوش کے حوالے سے مختلف اجلاس کررہی ہے اور اپنے جاری بیانات میں سستا آٹا چینی اور گھی کرنے کے دعوے کر رہی ہے۔

پرائس کنٹرول کمیٹیاں بھی قائم کی جارہی ہے اشیاء خرونوش اور بلخصوص چینی، آٹا ، گھی کے حوالے سے نیوز 360 نے سروے کیا تو معلوم ہوا کہ چینی 70 روپے میں فروخت صرف بیانات کی حد تک ہورہی ہے جبکہ اصل میں عام مارکیٹ میں چینی 85 سے 90 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔

نیوز 360 سے بات کرتے ہوئے ہول سیل تاجر شیخ ارشاد نے بتایا کہ اس وقت چینی 70 روپے فروخت کرنا ناممکن سی بات ہے کیونکہ پچاس کلو چینی کا تھیلا منڈی میں 4030 روپے سے 4070 روپے میں فروخت ہورہا ہے جس میں دو طرح کوالٹی ہوتی ہے اول کوالٹی 4050-4070 روپے جبکہ دوئم کوالٹی 4030-4040 روپے ہیں۔

شیخ ارشاد نے مزید بتایا کہ چینی کا ایکس میل ریٹ 7700 سے 7850 روپے ہیں یعنی 100 کلو چینی کا ریٹ ہے۔ میل سے جب چینی نکلتی ہے تو ڈیڑھ روپے سے دو روپے فی کلو وزن بھی اس میں شامل ہوتا ہے جوکہ اس کا کرایہ کہہ سکتے ہیں۔ اس طرح بیوپاری اپنا مارجن رکھ کر چینی 4050 روپے یا اس سے زائد میں بھیجتا ہے اور یوں مارکیٹ میں چینی 85 روپے میں فروخت ہوتی یے وہی چھوٹے دکاندار گلی محلوں میں چینی 90 روپے فی کلو یا اس سے زائد میں فروخت کرتے ہیں۔ اس طرح گھی 450 سے 480 روپے تک عام مارکیٹ میں سیل ہورہا ہے۔ جبکہ آٹے کا تھیلا حکومتی بیانات میں 450 روپے کا دس کلو کی بجائے 550 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے گجرات جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمت جو ایک سو روپے سے تجاوز کر گئی تھی – میرا ارادہ ہے کہ اسے 70 روپے کلو تک لے کر آؤں گا- انشاء اللہ دو روز بعد آٹا بھی سستا کریں گے اور گھی بھی –

خیال رہے کہ یوٹیلیٹی سٹور میں عوام کو ریلیف شناختی کارڈ کی کاپی کے ساتھ مشروط ہے آٹا گھی اور چینی دیگر اشیاء خرونوش کے ساتھ ملتا ہے۔ یہاں چینی 70 روپے کلو، دس کلو آٹے کا تھیلا 450 اور گھی 260 روپے کلو ہے۔

متعلقہ تحاریر