پی آئی اے کی حج آپریشن کی تیاریاں مکمل، پہلی پرواز 31مئی کو اڑان بھرے گی
وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے حج آپریشن کے لیے ملک کے آٹھ شہروں سے 297 پروازیں چلائی جائیں گی۔
پی آئی اے نے حج آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلیں ، ملک کے آٹھ شہریوں سے 297 پروازیں چلائی جائیں گی۔ پہلی پرواز 31 مئی کو روانہ ہوگی۔ ائیر بس 320 طیارہ پی آئی اے کے بیڑے میں شمولیت کے لئے پاکستان پہنچ گیا۔
وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے حج آپریشن سے متعلّق اجلاس کی صدارت کی، اس موقع پر پی آئی اے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ عازمین حج کے لئے پروازوں کا آغاز 31 مئی سے کیا جارہا ہے جس کے تحت پاکستان کے8 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سے پروازیں چلائی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے
اسٹیٹ بینک کی نئی مانیٹری پالیسی جاری، شرح سود میں 1.5 فیصد اضافہ
چینی کمپنی کراچی میں الیکٹرک گاڑیوں کا پلانٹ لگائے گی
قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا یہ حج آپریشن 13 اگست تک جاری رہے گا،اس دوران 297 پروازیں چلائی جائیں گی جو سعودی عرب کے شہروں جدہ اور مدینہ منورہ جائیں گی۔
پی آئی اے حکام نے بتایا کہ ائیر بس 320 ، چار طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل کئے جارہے ہیں ، اس سلسلے میں ایک طیارہ گزشتہ ہفتے پاکستان پہنچ گیا تھا جس کی کسٹم اور ایف بی آر سے کلئیرنس کروائی جارہی ہے جبکہ دوسرا طیارہ ایک ہفتے تک پاکستان پہنچ جائے گا۔
وفاقی وزیر ہوا بازی نے ہدایت کی کہ پی آئی اے حج اپریشن کیلئے1 بوئنگ 777 اور 1 ائیربس320 کو سٹوریج سے نکالے۔
وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اضافی جہازوں کی بیڑے میں شمولیت سے فضائی آپریشن کو تقویت ملے گی اور نیٹ ورک وسیع ہوگا۔
پی آئی اے زائرین کی سہولت کیلئے دمشق اور نجف الاشرف کے فضائی آپریشن کو بھی توسیع دے رہا ہے، عاشورہ اور اربعین کے موقع دونوں شہروں کے لئے اضافی پروازیں بھی چلائی جائیں گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستانی سیاحوں کی سہولت کے لئے آذربائیجان کے شہر باکو کے لئے بھی پروازیں دگنی جبکہ سیاحت کے فروغ کیلئے سکردو، گلگت اور چترال کی پروازوں میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سکردو کی ہفتہ وار 18، گلگت کی ہفتہ وار 24 اور چترال کی ہفتہ وار2 پروازیں چلائی جارہی ہیں ان پروازوں کو اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے بھی منسلک کیا جارہا ہے۔