لانگ مارچ: جڑواں شہروں میں مزید رینجرز تعینات کرنے کی منظوری
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق اسلام آباد میں رینجرز کی دو جبکہ راولپنڈی میں ایک ونگ تعینات کی جائے گی۔
وزارت داخلہ نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں رینجرز کی مزید نفری تعینات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے اور کسی بھی قسم کے انتشار سے بچنے کے لیے رینجرز کی مزید نفری وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں تعینات کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے 24 گھنٹے قبل آدھے پاکستان میں دفعہ 144 نافذ
اقلتیی برادری کی زمینوں پر قبضہ ، سید خورشید شاہ نے نوٹس لے لیا
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق اسلام آباد میں رینجرز کی دو اور راولپنڈی میں ایک ونگ تعینات کی جائے گی۔
وزارت داخلہ کو رینجرز کی تعیناتی کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے درخواست دی گئی تھی ۔
وزارت داخلہ نے یہ بھی حکم جاری کیا ہے کہ ایف سی کے 5 ہزار جوان بھی تعینات کیے جائیں گے۔ ہر پلاٹون میں چار جوان ہوں گے ، وہ اپنے ساتھ اینٹی رائٹ کٹ اپنے ساتھ رکھیں گے۔ جوان آنسو گیس کے شیل بھی استعمال کرسکیں گے جبکہ اسلحے رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔
وزارت داخلہ کے مطابق ایف سی کے پانچ ہزار جوان رینجرز کے ساتھ تعینات رہیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لانگ مارچ کو مانیٹر کرنے کے لیے دو کنٹرول رومز قائم کردیئے ہیں، ایک کنٹرول روم وزارت داخلہ اور دوسرا پولیس ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے ۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خود کنٹرول رومز کی مانیٹرنگ کریں گے ، اور لانگ مارچ کے لیے نکلنے والی ریلیوں کو مانیٹر کررہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پولیس ہیڈکوارٹر میں قائم کنٹرول سے اسلام آباد اور ریڈزون کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ تمام سیف سٹی کیمروں کو فعال کردیا گیا ہے ، اور مزید کیمرے داخلی اور خارجی راستوں پر لگا دیئے گئے ہیں۔