پاکستانی ڈاکٹر نے کرونا کی تشخیصی ایپ متعارف کرادی

منفرد ایجاد کے ذریعے کسی بھی اسمارٹ فون پر کرونا ٹیسٹ کے فوری نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

کینیڈا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر نقیب خالد نے ایک ایپ متعارف کرائی ہے جس سے اسمارٹ فون کے ذریعے کرونا کا فوری تشخیصی ٹیسٹ کیا جا سکے گا۔ اس ایپ کی مدد سے کسی بھی اسمارٹ فون پر فوری رپورٹ بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔

اسمارٹ فون کے ذریعے فوری کرونا ٹیسٹ کی سہولت متعارف کروانے والے ڈاکٹر نقیب خالد کی اس غیر معمولی کامیابی پر کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے ٹوئٹر پر مبارکباد بھی پیش کی ہے۔

ڈاکٹر نقیب خالد نے پاکستانی ہائی کمشنر سے گفتگو میں بتایا کہ یہ ایجاد ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی بنیاد پر ہے۔ اس کے ذریعے نتائج فوری طور پر کسی بھی اسمارٹ فون پر ظاہر ہو سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وقت اور جی پی ایس معلومات کے ساتھ نتائج کو محفوظ بھی کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایپ اسٹور پر اسمارٹ فون کے لیے یہ ایپ ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہوگی۔ ویکسین کے ساتھ کرونا کی وباء کی روک تھام کے لیے ایسے ٹیسٹ کی بھی ضرورت ہے جو لیبارٹری پر منحصر نہ ہونے کے ساتھ درست اور کم قیمت ہوں اور اُن کی رپورٹ فوری طور پر سامنے آ سکے۔

یہ بھی پڑھیے

غریب ممالک کرونا کی ویکسین کم خرید پائیں گے

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی وباء کرونا کے پھیلاؤ پر قابو پا کر زندگی اور عالمی معیشت کو معمول پر لایا جا سکتا ہے۔

جبکہ بشیر تارڑ نے کہا کہ اسمارٹ فون کے ذریعے کرونا ٹیسٹ کرنے کا خیال بہترین اور قابل ستائش ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ کلینک ٹرائلز اس کی افادیت کو ثابت کرتے ہوئے عوامی سطح پر استعمال کے لیے درکار منظوری کی راہ ہموار کریں گے۔

ڈاکٹر نقیب خالد نے 1983ء میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ اُس کے بعد میڈیکل آلات اور نظام میں ایجادات کے تجربے کے حصول میں مصروف ہوگئے۔ اب مونٹریال میں 2 فوٹون ریسرچ اِن کارپوریٹڈ میں میڈیکل ڈیوائس پروگرام میں بحیثیت ڈائریکٹر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر