پاکستانی نژاد علی زیدی بائیڈن ٹیم کے اہم مشیر ہوں گے

امریکہ میں مقیم پاکستان نژاد علی زیدی کی امریکی نو منتخب صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ برائے موسمیاتی پالیسی میں شمولیت متوقع ہے۔

امریکہ کے نو منتخب صدر جوبائیڈن پاکستان نژاد علی زیدی کو وہائٹ ہاؤس کا نائب موسمیات کوآرڈینیٹر مقرر کریں گے۔ جبکہ ڈومیسٹک موسمیاتی پالیسی کی سربراہی میک کارتھی کریں گی۔

میک کارتھی سابق امریکی صدر براک اوباما کی سربراہی میں ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی چلاتی تھیں۔ وہ اب وکلاء گروپ کی قیادت کررہی ہیں۔

علی زیدی نے وہائٹ ہاؤس میں توانائی پالیسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور کابینہ کے امور کے سینئر ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات سر انجام دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بائیڈن کی خواتین ٹیم اور فریکچر

وہ 8 سال تک اوباما بائیڈن انتظامیہ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے وہائٹ ہاؤس آفس آف منیجمنٹ اینڈ بجٹ (او ایم بی) میں ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔ اس کے علاوہ موسمیات ایکشن پلان کے نفاذ کے لئے چیف پالیسی عہدیدار کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔ اُنہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے ٹیکس دہندگان کو درپیش خطرات کے بارے میں نا صرف امریکا بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کو متنبہ کیا۔

اس سے قبل انہوں نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر اور نجی پریکٹس میں وکیل کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ہیں۔

متعلقہ تحاریر