12 سال سے زیر تعمیر ٹنڈومحمدخان کا اسکول
گورنمنٹ پبلک ہائی اسکول ٹنڈو محمد خان کا سنگ بنیاد 2009 میں رکھا گیا تھا جس کا بجٹ 35 کروڑ روپے مختص کیا گیا تھا۔
پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں ایک اسکول گذشتہ 12 سال سے زیر تعمیر ہے جوکہ سندھ حکومت اور اس اسکول کی تعمیر کے ذمے داران کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
2009 میں گورنمنٹ پبلک ہائی اسکول ٹنڈو محمد خان کا سنگ بنیاد رکھا گیاتھا جس کی تعمیر کے لیے 35 کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا گیا تھا۔ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود سرکاری عدم توجہی کے باعث اسکول کی تعمیر کا کام رکا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ دادو میں انتہا
ٹنڈو محمد خان میں زیر تعمیر اسکول کے دورے کے موقع پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ نے الزام لگایا ہے کہ سندھ حکومت نے اسکول کے لیے مختص بجٹ کا غلط استعمال کیا ہے۔
نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ 2009 سے لے کر 2021 تک اسکول کا بجٹ بڑھتا رہا ہے جبکہ اب تک اسکول کی تعمیر پر 75 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کیے جاچکے ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے عوام کے ٹیکس کا پیسہ اسکول کی تعمیر بے دریغ خرچ کیا ہے۔
سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا تیسرا دور مکمل ہونے کو ہے اور اس نے کمیشن کھانے کے لیے بڑے بڑے منصوبے شروع کیے ہوئے ہیں۔
اس معاملے میں پیپلز پارٹی کا حاتال کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔