شبلی فراز نے فواد چوہدری کے کارنامے پر ابہام پیدا کردیا
شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان کے تیار کردہ وینٹی لیٹرز کارآمد نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے فواد چوہدری کے سب سے بڑے کارنامے پر ابہام پیدا کردیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے تیار کردہ وینٹی لیٹرز کو ایسے وقت میں ناکارہ قرار دیا ہے جب کرونا کی وباء کا زور بڑھ رہا ہے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی حیثیت سے فواد چوہدری کئی ایجادات سامنے لائے ہیں جن میں رویت ایپ، الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم)، سینیٹائزر اور کرونا ٹیسٹنگ کٹس سرفہرست ہیں جبکہ انہوں نے وینٹی لیٹر پر بھی کام کیا ہے۔ حال ہی میں فواد چوہدری سے سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت واپس لے کر انہیں وزیر اطلاعات بنایا گیا ہے جبکہ سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت شبلی فراز کو سونپی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
فواد چوہدری ماضی کی غلطیاں نہ دہرائیں
اب موجودہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے اسی منصب پر فائز رہنے والے سابق وزیر فواد چوہدری کے سب سے بڑے کارنامے پر ابہام پیدا کردیا ہے۔ پیر کے روز پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نسٹ یونیورسٹی کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ’پاکستان کے تیار کردہ وینٹی لیٹرز کارآمد نہیں ہیں۔ یہ وینٹی لیٹرز 16 میں سے صرف 4 فنکشنز پر پورا اترتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس کرونا کی وباء سے نمٹنے کے لیے آکسیجن اور دیگر ضروری اسٹاک ناپید ہے۔ جبکہ پاکستان اسٹیل ملز کے آکسیجن پلانٹ کو بھی ہنگامی طور پر فعال کرنے میں مسائل ہیں۔‘

شبلی فراز نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب ملک میں کرونا کی وباء زور پکڑ رہی ہے اور دن بدن کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس وقت پڑوسی ملک انڈیا میں کرونا کی بدتر صورتحال ہے جہاں یومیہ لاکھوں کی تعداد میں کیسز سامنے آرہے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں اموات ہورہی ہیں۔ انڈیا میں بھی اس وقت آکسیجن کی کمی ہے جس کی وجہ سے وہاں قیامت برپا ہوچکی ہے۔
اس صورتحال میں حکومتی وزراء کو چاہیے کہ عوام کو کرونا کی وبائی صورتحال پر ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے پر قائل کریں، خود بھی احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ انہیں دیکھ کر عوام ان کی پیروی کرے۔