ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی سوشل میڈیا پوسٹ پر تنقید کی زد میں
ڈاکٹر قیصر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ایف نائن پارک کو 500 ارب ڈالر کے عوض گروی رکھنے کا پلان بےوقوفی ہے
معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی اپنی سوشل میڈیا پر شیئر کردہ پوسٹ کے باعث صارفین کی تنقید کا نشانہ بن گئے۔
پچھلے دنوں وفاقی حکومت کی جانب سے 750 ایکڑ اراضی پر مشتمل اسلام آباد کے ایف نائن پارک کو گروی رکھ کربجٹ سپورٹ کے لیے قرض لینے کا فیصلہ سامنے آیا۔ اس حوالے سے ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بنا سوچے سمجھے ایک پوسٹ شیئر کردی، جس پرانہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈاکٹر قیصر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ایف نائن پارک کو 500 ارب ڈالر کے عوض گروی رکھنے کا پلان بےوقوفی ہے، کیونکہ ہم قرضہ واپس نہیں کرسکیں گے تو خریدار اسے مزید آگے فروخت کردے گا۔ تو کیا پھر ہم مزار قائد کو فروخت کرنے نکلیں گے؟
قیصر صاحب نے اس ٹوئٹ میں حکومت پر اپنا غصہ تو نکال لیا لیکن وہ ٹوئٹ میں حساب میں کچھ گڑبڑ کرگئے۔ ایف نائن کے عوض اگر 500 ارب ڈالر کا قرض مل جاتا تو کیا ہی بات تھی۔ پاکستان کا پچھلے 72 سالوں کا قرض بھی تقریبا 112 ارب ڈالر بنتا ہے ۔ اس حساب سے تو ایف نائن کو گروی رکھ کر نہ صرف پورے پاکستان کا قرض اتارا جاسکتا تھا بلکہ قومی خزانے میں بھی کثیر رقم جمع کی جاسکتی تھی۔
ڈاکٹر قیصر بنگالی کا شمار پاکستان کے معروف ماہر معاشیات میں ہوتا ہے۔ وہ مختلف سرکاری عہدوں پر خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔ ڈاکٹر قیصر اقتصادی امور کے مشیر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے پالیسی اصلاحاتی یونٹ کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات رہے ہیں۔ ڈاکٹر قیصر بنگالی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پہلے سربراہ تھے، انہیں اس پروگرام کا خالق ماناجاتا ہے۔ ساتویں قومی مالیاتی کمیشن میں قیصر بنگالی سندھ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ اس کمیشن کو ایک کامیاب مالیاتی کمیشن سمجھا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ڈھائی سال میں 6 مرتبہ بجلی کے نرخ کب کب کتنے کتنے بڑھائے گئے؟
ایک ایسا شخص جس کی زندگی معاشیات کے گرد گھومتی ہو اس سے اس قسم کی بات کی توقع نہیں کی جاسکتی ۔ ڈاکٹر قیصر نے سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد پوسٹ کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ہٹادیا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو گروی رکھ کر اربوں روپے کا قرضہ حاصل کرچکے ہیں۔