برف کی چادر اوڑھے پہاڑوں کے درمیان سائیکل ریس کا انعقاد

گبین جبہ کے 3 روزہ اسنو فیسٹیول کا اختتام ہوگیا۔

گبین جبہ میں اسنو فیسٹیول تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام کو پہنچ گیا۔ برف کی چادر اوڑھے پہاڑوں کے درمیان تیز رفتار سائیکل سواروں نے میلہ لوٹ لیا۔

خیبر پختونخوا کے بلند اور پرفضا سیاحتی مقام گبین جبہ میں 3 روزہ اسنو فیسٹیول کا اختتام ہوگیا۔ 8 ہزار فٹ سے زائد بلندی پر واقع حسین وادی میں اسپورٹس کے مختلف مقابلے کرائے گئے۔ آخری روز منعقد کیے جانے والے سنو سائیکلنگ مقابلے نے سیاحوں کی توجہ حاصل کرلی۔

پانچ کلومیٹر پر محیط سائیکل ریس کی شروعات لوکا کے مقام سے ہوئی جبکہ اختتام گبین جبہ ٹاپ پر ہوا۔ ریس میں 62 سائیکلسٹس نے حصہ لیا تھا۔ ریس کو سینئر، جونئر اور ماؤنٹین بائیک کی کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا تھا۔

مختلف کیٹگریز میں سائیکلسٹ اورنگزیب، محمد ابوزر ،ولید، ذیشان، بہار علی، عباس، لقمان، عثمان اور سجاد نے نمایاں پوزیشنز اپنے نام کیں۔

ریس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ انہیں پہاڑوں کے درمیان بنے ٹریک پر سائیکل دوڑانے میں بہت لطف آیا۔

سیاح بھی ایونٹ کے حوالے سے پرجوش دکھائی دیئے۔ سیاحتی مقام کی خوبصورتی پر شہریوں کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ اس قدر خوبصورت مقام پاکستان میں موجود ہے، اس قسم کے فیسٹیول ملک میں سیاحت کو فروغ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

غزہ کی پٹی میں انوکھی سائیکل میراتھون

سائیکل ریس کی سیکیورٹی کے لیے ٹریک پر متعدد پولیس اور ٹریفک پولیس اہلکار موجود تھے۔ ریسکیو 1122 کے اہلکار بھی سڑک کے دونوں اطراف نگرانی رکھے ہوئے تھے۔

تین روزہ فیسٹیول خیبر پختونخوا کی کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے منعقد کرایا تھا۔ جس میں رسہ کشی، تیراندازی، کراٹے، بیڈ منٹن اور میراتھن سمیت مختلف مقابلے کرائے گئے۔

متعلقہ تحاریر