پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی کا شرط لگا کر کرتب

حامد الحق کی ایک ہزار روپے کی شرط خاطر کھمبے پر چڑھنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن قومی اسمبلی انجینیئر حامد الحق انوکھا کرتب کرتے ہوئے کھمبے پر چڑھ گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

سابق رکن قومی اسمبلی انجینیئر حامد الحق کے دوستوں نے ان کے کھمبے پر چڑھنے کے لیے ایک ہزار روپے کی شرط لگائی تھی جسے انہوں نے پورا کردیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حامد الحق کھمبے پر تیزی سے چڑھ جاتے ہیں اور اتنی ہی تیزی سے نیچے بھی آجاتے ہیں۔ انہوں نے کھمبے پر چڑھتے ہوئے ہلکے سفید رنگ کی شلوار اور سرمئی رنگ کی ٹی شرٹ زیب تن کر رکھی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

شہباز شریف کا عشائیہ، چوہدری نثار کا حلف، عمران خان غیرمحفوظ؟

کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا

جب حامد الحق کھمبے سے نیچے اترے تو ان کے دوستوں کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے ہم نے ایک شخص کو 5 ہزار روپے میں راضی کرلیا تھا مگر آپ (حامد الحق) نے تو یہ انوکھا کرتب صرف ایک ہزار میں کر کے دکھا دیا ہے۔

اس سے قبل حامد الحق 5 ہزار روپے کی شرط کے خاطر ہرن کو پکڑنے کے لیے پنجرے میں بھی گھس گئے تھے اور ہرن پکڑ کر شرط جیت لی تھی۔ ان کی ہرن پکڑنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔

ادھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں پاکستان کے معروف صحافی سید وقاص شاہ نے کہا ہے کہ انجینیئر حامد الحق ایک ہزار روپے کی شرط کے خاطر اونچے کھمبے پر چڑھ گئے۔ مجھے تو فکر ہے کہ کل 2 ہزار روپے کی شرط کے لیے وہ کہیں کنویں میں چھلانگ نہ لگا دیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پرانے پاکستان میں لوگ اپنی ملازمت بچانے کے لیے، غربت سے تنگ آکر یا پھر ناراض اہلیہ کو منانے کے لیے کھمبے پر چڑھ جاتے تھے مگر نئے پاکستان میں تحریک انصاف کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی نے یہ کام پیسے کمانے کے لیے کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر