کراچی کے نجی اسپتال سے اغواء ہونے والا نومولود بازیاب

پولیس کا کہنا ہے کہ اغواکار خاتون کی شناخت ہوگئی ہے جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

کراچی کے نجی اسپتال سے اغواء ہو کر 30 ہزار روپے میں فروخت ہونے والا نومولود بازیاب کرالیا گیا ہے۔ پولیس نے چھاپہ مار کر بچے کو خریدنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا ہے۔

شہر قائد میں اسپتالوں سے بچے اغواء کر کے انہیں فروخت کرنے والا گینگ ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگیا ہے۔ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے پٹنی اسپتال سے خاتون نے نومولود کو اغواء کر کے 30 ہزار روپے میں فروخت کردیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں چھاپہ مارا اور بچے کو بازیاب کرالیا۔ بچے کو خریدنے والی خاتون کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اسپتال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کے ذریعے اغواکار خاتون کی شناخت ہوگئی ہے جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

حکومتی عدم توجہی کے باعث صحت کا شعبہ ابتری کا شکار

بچے کے چچا کے مطابق گزشتہ روز صبح ساڑھے 6 بجے ان کے بھائی محمد نعیم کے گھر بیٹے کی پیدائش ہوئی۔ سہ پہر 3 بجے اسپتال میں ایک خاتون نرس کا روپ دھار کر آئی اور بچے کا وزن کرنے کا بہانہ بنا کر اسے لے کر چلی گئی۔ واقعے کا علم ہونے پر بچے کے اہل خانہ اسپتال انتظامیہ پر برہم ہوگئے جبکہ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسپتال کی اس حوالے سے کوئی ذمہ داری نہیں ہے۔

پولیس کے مطابق خاتون نومولود کو رکشے میں لے کر فرار ہوئی تھی۔ رکشہ ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ہے جبکہ اسپتال انتظامیہ کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر