ایف بی آر کا حیدرآباد میں گودام پر چھاپہ، 172 بوری چینی برآمد

حکام کے مطابق چمبر شوگر ملز کے 172 چینی کے تھیلے جو کہ گلزار اینڈ کمپنی کی کاروباری حدود میں رکھے ہوئے تھے ، پر ٹیکس اسٹیمپس چسپاں نہیں تھے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (اہف بی آر) کی حیدرآباد میں ایک گودام پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی ، ذخیرہ اندوزی کے لیے چھپائی گئی 172 بوری چینی برآمد کرلی گئیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے شوگر انڈسٹری میں ٹریک اینڈ ٹریس کے نظام آنے کے بعد حیدرآباد میں بغیر اسٹیمپ شدہ چینی کی کھیپ کو ضبط کر لیا۔

ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ، آئی اینڈ آئی، آئی آر ، حیدرآباد کے ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک سکواڈ (آئی آر ای این) نے ٹریک اینڈ ٹریس نظام پر عمل داری کو یقینی بنانے کے لئے ٹیکس چوری کی روک تھام کے حوالے سے کئے گئے آپریشن میں گودام سے 172 بغیر اسٹیمپ شدہ چینی کے تھیلے ضبط کر لئے۔

یہ بھی پڑھیے

وفاقی دارالحکومت میں جرائم میں اضافہ، خاتون سینیٹر کا گھر لوٹ لیا گیا

کوآپریٹیو مارکیٹ میں آتشزدگی کی ایف آئی آر تھانہ پریڈی میں درج

پراجیکٹ ڈائیریکٹر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی طرف سے 11 نومبر 2021 کو جاری کردہ سیلز ٹیکس جنرل آرڈر کی تکمیل اور ممبر آئی آر آپریشنز، ایف بی آر ، اسلام آباد اور ڈاکٹر عامر تالپور ، ڈائیریکٹر جنرل آئی اینڈ آئی، آئی آر، اسلام آباد کی خصوصی ہدایات پر ڈائیریکٹوریٹ آف آئی اینڈ آئی ، آئی آر ، حیدر آباد کی ٹیم نے 27 نومبر 2021 کو ٹاور مارکیٹ حیدر آباد میں شوگر ڈیلرز کی دکانوں پر چینی کے تھیلوں کا معائنہ کیا۔

آئی آر ای این کی ٹیم نے 12 گوداموں کا جائزہ لیا اور مختلف شوگر ملز کی تیار کردہ چینی کے تھیلوں کو چیک کیا۔ یہ چینی کے تھیلے تین شوگر ملز کے تیار کردہ تھے جن میں چمبر شوگر ملز کے تیار کردہ تھیلے بھی شامل تھے۔ ان میں سے دو شوگر ملز کے تیار کردہ تھیلوں پر ٹیکس اسٹیمپ چسپاں تھے۔

حکام کے مطابق چمبر شوگر ملز کے 172 چینی کے تھیلے جو کہ گلزار اینڈ کمپنی کی کاروباری حدود میں رکھے ہوئے تھے ، پر ٹیکس اسٹیمپس چسپاں نہیں تھے۔ ٹیم نے سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی شق 40 سی، سیلز ٹیکس جنرل آرڈر 5 اور سیلز ٹیکس رولز 2006 کی خلاف ورزی پر 172 چینی کے تھیلے ضبط کر لئے اور قانون کی متعلقہ شقوں کے تحت چمبر شوگر ملز کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ آئی آر ای این کی ٹیموں نے لاہور اور راولپنڈی میں واقع شوگر ڈیلرز کی کاروباری حدود میں بھی آپریشنز کئے ہیں لیکن وہاں پر موجود چینی کے تمام تھیلوں پر ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے تحت ٹیکس اسٹیمپس چسپاں تھے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی نشاندہی نہ ہوئی جو کہ شوگر سیکٹر کی طرف سے ٹیکس قوانین کی تعمیل کی طرف ایک بڑی مثبت پیش رفت ہے۔

ڈاکٹر محمد اشفاق احمد ، چئیرمین ایف بی آر نے ڈاکٹر عبدل رحمان کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم کی تعریف کی ۔ انہوں نے چھاپہ مارنے والے اسکواڈ کی حوصلہ افزائی کے لئے خصوصی نقد انعام کا اعلان کیا اور اس طرح  کے کامیاب آپریشنز جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے پراجیکٹ ڈائیریکٹر کی طرف سے بغیر  ٹیکس ادائیگی اشیاء کی سپلائی کے خلاف جاری انفورسمنٹ آپریشنز کی بھی تعریف کی۔

وزیر اعظم پاکستان نے 23 نومبر 2021 کو چینی سیکٹر کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا افتتاح کیا ہے اور پرزور طریقے سے ٹریک اینڈ ٹریس نظام پر عمل داری اور بغیر ٹیکس ادائیگی چینی کے تھیلوں کی سپلائی کے خلاف آپریشنز تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ چئیرمین ایف بی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے دائرہ کار میں آنے والے سیکٹرز کی مصنوعات کی سپلائی کی نقل و حمل کو ٹیکس سٹیمپ چسپاں نہ ہونے کی صورت میں روک دیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر