پاکستان نے چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 8وکٹوں سے شکست دیدی
پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے عابدعلی دوسری اننگز میں نروس نائنٹیزکا شکار، مرد میدان قرار،ڈیبیوٹنٹ عبداللہ شفیق کی مسلسل دوسری ففٹی

پاکستان نے چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔بابر الیون نے دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کا 202رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔
پاکستانی اوپنرز نے دوسری اننگز میں بھی شانداربلےبازی کا مظاہرہ کیا۔ پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے عابد علی نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 91 رنز پرتیج الاسلام کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ڈیبیوٹنٹ عبداللہ شفیق نے بھی مسلسل دوسری اننگز میں نصف سنچری اسکور کی۔
یہ بھی پڑھیے
پی ایس ایل 7 طےشدہ تاریخ سے ملتوی ہونے کا امکان
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میچز نئے کووڈ ویریئنٹ کی وجہ سے منسوخ
بنگلادیش کے شہر چٹاگانگ کے ظہور احمد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلی اننگز میں لٹن داس کی شاندار سنچری کی بدولت 330 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔پہلی اننگز میں پاکستان کی طرف سے حسن علی نے 5،شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے 2،2 جبکہ ڈیبیوٹنٹ ساجد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستانی ٹیم اوپنرز کی شاندار شراکت کے باوجود بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں ناکام رہی ۔عابد علی نے 12 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سےشاندار سنچری اسکور کی 282 گیندوں کا سامنا کرکے133رنز بنائے جبکہ ڈیبیوٹنٹ عبداللہ شفیق52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔
اوپنرز کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔اظہر صفر،کپتان بابر اعظم10،فواد عالم8،محمد رضوان 5،فہیم اشرف 38 جبکہ حسن علی 12 رنز بناسکے اور پوری ٹیم 286رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔بنگلہ دیش کی طرف سے اسپنر تیج الاسلام نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عبادت حسین نے 2اور مہدی حسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
44 رنز کے خسارے پر آؤٹ ہونے والی بابر الیون نے دوسری اننگز میں شاندار کم بیک کیا۔ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بنگلادیش کے تین کھلاڑیوں کو ابتدا میں ہی پویلین بھیج دیا جس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم سنبھل نہ سکی اور 201 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹٰیں حاصل کیں جبکہ ڈیبیوٹنٹ ساجد خان نے 3 جبکہ حسن علی نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے میچ میں مجموعی طور پر 7،7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بنگلہ دیش کے تیج الاسلام 8وکٹوں کے ساتھ میچ کے ٹاپ بولر رہے۔اوپنر عابد علی شاندار بلے بازی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں 4 دسمبر سے شیر بنگلہ اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔









