ناظم جوکھیو قتل کیس، ایک اور ملزم کی عبوری ضمانت منظور
قتل کے مقدمے میں نامزد چار ملزمان ضمانت حاصل کرچکے ہیں، عدالت نے ملزمان کے موبائل کی فارنزک رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
ناظم جوکھیو قتل کیس میں ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت، مقدمے میں مزید ایک ملزم نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی۔
قتل کے مقدمے میں عبوری ضمانت حاصل کرنے والے ملزمان سلیم سالار، محمد سومار، دودو خان اور اسحاق عدالت میں پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے
ناظم جوکھیو کا قتل، پیپلزپارٹی کے بڑے خاندان کو دھمکانے لگے
شہید مرید عباس کی بیوہ نے ماڈل کورٹ کی ساکھ پر سوال اٹھا دیے
مقدمے کے تفتیشی افسر سراج لاشاری بھی عدالت میں پیش ہوئے، مدعی اور ملزمان کے وکلا اور پراسیکیوٹر کے دلائل مکمل ہو گٸے۔
مدعی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم سلیم، سومار اور دودو خان ناظم جوکھیو کو بلانے آئے تھے، ملزم اسحاق نے ناظم جوکھیو کے اہل خانہ کو بلا کر قتل کی اطلاع دی تھی۔
وکیل نے مزید کہا کہ ملزمان کی قتل میں شراکت داری واضح ہے، تفتیشی افسر نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ اور موبائل کی فارنزک رپورٹ تا حال موصول نہیں ہوئی ہے۔
عدالت نے ملزمان کے موبائل سے کال ڈیٹا ریکارڈ اور قتل کے وقت موبائل فون کی لوکیشن کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا جبکہ ملزمان کی عبوری ضمانت میں 8 دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔