پاکستان میں کورونا کی 5ویں لہر، مثبت کیسز کی شرح 6.12 فیصد ریکارڈ
تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق، ملک میں تقریباً چار ماہ کے عرصے کے بعد 3,000 سے زیادہ نئے کووِڈ کیسز رپورٹ ہوئے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 6.12 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ اسی عرصے کے دوران 3 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق یہ گذشتہ سال 8 ستمبر کے بعد سب سے زیادہ رپورٹ ہونے والے مثبت کیسز ہیں ، اس وقت مثبت کیسز کی شرح 6.43 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ ملک میں آخری بار 10 ستمبر کو 3,000 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3019 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
عائزہ خان انسٹاگرام پر 1 کروڑ سے زائد فالوورز والی پہلی پاکستانی سیلبرٹی بن گئیں
کراچی میں ڈاکو راج،نوبیاہتانوجوان سمیت3افراد قتل
دریں اثنا، فعال کیسز کی تعداد 23 ہزار 230 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 651 مریضوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ پاکستان میں وبائی مرض کے آغاز سے لے کر اب تک کووڈ 19 کے 13 لاکھ 12 ہزار 267 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موذی وائرس کے شکار 5 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں اس طرح جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 28 ہزار 992 ہو گئی ہے۔
این سی او سی حکام کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 346 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے اس طرح صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 60 ہزار 45 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گذشتہ سال ستمبر کے مہینے میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن کی تعداد 2 ہزار سے زیادہ تھی۔
دوسری جانب بدھ کو جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا تھا کہ کراچی میں مثبت کیسز کا تناسب 20 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے۔
صوبائی وزارت صحت کے مطابق منگل کو شہر کراچی میں 6048 نمونوں کے ٹیسٹ کئے گئے تھے جن میں سے 1223 کیسز مثبت آئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ "کراچی میں رپورٹ ہونے والے Omicron ویرینٹ کا تناسب 95 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔”
اس سے قبل، محکمہ صحت سندھ نے کوویڈ 19 کے اومیکرون ویرینٹ کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کراچی میں تمام شہریوں کے لیے فیس ماسک کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شاپنگ مالز اور اسکولوں کو سیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اجلاس میں 14 دن تک خصوصی کورونا ویکسینیشن مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیر صحت نے کہا کہ ویکسینیشن ٹیمیں گھر گھر جا کر خواتین کو ویکسین خوراک کے ٹیکے لگائیں گی۔ اجلاس میں اسکولوں میں موجود بچوں کو فوری حفاظتی ٹیکے لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
بدھ کے روز جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں مثبت کیسز کی شرح بالترتیب 4.7 اور 4 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔