چھٹی کا ٹائم ہوگیا، جہاز نہیں اڑاؤں گا، پی آئی اے پائلٹ کا نرالا انداز

سعودی عرب سے اسلام آباد آنے والے جہاز کو خراب موسم کی وجہ سے دمام میں اتارا گیا تھا، پائلٹ نے دوبارہ اڑانے سے انکار کیا اور کہا کہ ڈیوٹی ٹائم ختم ہوگیا ہے۔

پی آئی اے کے پائلٹ نے ڈیوٹی کا وقت ختم ہونے پر جہاز اڑانے سے انکار کر دیا اور پرواز کو اسلام آباد کے بجائے دمام (سعودی عرب) میں اتار دیا۔

پی آئی اے کی پرواز 9754 سعودی دارالحکومت ریاض سے اسلام آباد کئی گھنٹوں کی تاخیر سے پہنچی، مسافر جہاز کے عملے سے الجھ پڑے جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہونے پر ایئرپورٹ سیکیورٹی کو طلب کیا گیا۔

پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے ریاض سے اڑان بھرنے والی پرواز کو سعودی عرب کے شہر دمام میں اتارا گیا تھا لیکن پائلٹ نے کہا کہ ڈیوٹی ٹائم ختم ہوگیا ہے اور جہاز کو اصل منزل اسلام آباد لے جانے سے انکار کر دیا۔

مسافروں نے جہاز میں ہنگامہ کیا اور اترنے سے انکار کر دیا، ریاض ایئرپورٹ پر سیکیورٹی عملے کو طلب کر کے حالات قابو میں لائے گئے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق فضائی تحفظ کے لیے پائلٹ کا پرسکون ہونا ضروری ہے، پائلٹ اور عملے کے آرام کے لیے انتظامات کر دیئے گئے تھے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مسافروں کو 24 گھنٹے کی تاخیر کے بعد گزشتہ روز شب 11 بجے اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر